ورلڈ کپ، سری لنکا نے انگلینڈ کو کرکٹ کھیلنا سکھا دیا
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) ورلڈکپ کے 27 ویں میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو کرکٹ کھیلنا سکھا دیا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان انگلینڈ کو 20 رنز سے ہراد یا۔
لیڈز کے ہیڈنگلے گراوٴنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی دو بلے باز محض 3 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
کرونارتنے ایک اور کشال پریرا دو رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر فرننڈس اور کشال مینڈس نے محتاط انداز اپنایا اور 59 رنز کی شراکت قائم کی۔
فرنینڈو 39 گیندوں پر2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز پر کرس ووکس کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے۔
کشال مینڈس نے بھی 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آوٴٹ آف فارم اینجلو میتھیوز نے آج ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آوٴٹ رہے۔ دھننجیا ڈی سلوا نے بھی 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور مارک ووڈ نے تین تین جب کہ عادل رشید نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے سری لنکن ہدف کے تعاقب میں جیمز ونس اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بیئراسٹو پہلی ہی گیند پر ملنگا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
جیمز ونس بھی 14 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے، جو روٹ نے 57 اور اوئن مورگن نے 21 رنز کی اننگز کھیلیں۔ جوس بٹلر 10 اور معین علی 16 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے۔
ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا تو دوسری جانب بین اسٹوکس کی جانب سے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسہ جاری رہا اور وہ آخر تک سری لنکن بولرز کے آگے ڈٹے رہے۔
بین اسٹوکس 82 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے اور پوری ٹیم 47 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جب کہ دھننجیا ڈی سلوا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ملنگا کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سری لنکن ٹیم بھی 6 میچز میں سے دو میں کامیابی حاصل کر چکی ہے اور دو ہی میچز میں اسے شکست ہوئی ہے جب کہ آئی لینڈرز کے دو میچز بارش کی نذر بھی ہوئے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں 6، 6 میچز کھیل چکی ہیں، انگلینڈ کو 4 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی جب کہ دو میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments are closed.