خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات، مراد سعید، اعظم سواتی سمیت پی ٹی آئی کے 6 سینیٹرز منتخب
فوٹو : فائل وی نیوز
پشاور : خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات، مراد سعید، اعظم سواتی سمیت پی ٹی آئی کے 6 سینیٹرز منتخب، 5 پر اپوزیشن کامیاب ہوئی اور یوں وزیر اعلیٰ آمین اللہ گنڈاپور اور اپوزیشن جماعتوں کےدرمیان مفاہمت کے مطابق نتائج سامنے آئے.
خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پرووٹ ڈالے گئے اور اسمبلی کے تمام 145 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیا، غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق 7 جنرل نشستوں میں سے 4 نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب قرار پائی.
پی ٹی آئی کے مرادسعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نورالحق قادری جنرل نشستوں پرجیتے جبکہ غیرسرکاری نتیجے کے تحت اپوزیشن جماعتیں 3 جنرل نشستوں پرکامیاب ہوئیں.
مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، پیپلزپارٹی کے طلحہ محمود اور جےیوآئی کے عطاء الحق جنرل نشستوں کامیاب ہوئے.
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار مراد سعید جنرل نشست پرجیت گئے، انہیں 26 ووٹ ملے، فیصل جاوید کو 22 اور نورالحق قادری کو 21 ووٹ اور مرزا آفریدی کو 21 ووٹ ملے۔
خواتین کی 2 نشستوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز اور دوسری پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد کامیاب ہوئیں، خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی امیدوار روبینہ ناز کو 89 ووٹ ملے۔
ٹیکنوکریٹس کی نشستوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی کے اعظم سواتی اور دوسری پر جےیو آئی کے دلاورخان جیت گئے۔
پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار خرم ذیشان کو کوئی ووٹ نہیں پڑا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے درمیان 6 اور 5 کا فارمولہ طے پایا تھا اور اسی تناسب سے نتائج سامنے آئے.
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کی طرف سے سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلہ کالعدم قرار دے کر پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں تقسیم کر دی گئی تھیں جس کے بل بوتے پر اپوزیشن مستفید ہوئی ہے.
Comments are closed.