نیا ٹیلنٹ بنگلادیش پہنچتے ہی ٹھس،پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست
فوٹو : فائل
ڈھاکا : نیا ٹیلنٹ بنگلادیش پہنچتے ہی ٹھس،پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بنگلادیش نے پاکستان کو باآسانی ہرا دیا، 111 رنز کا ہدف بنگال ٹائیگرز نے 15 اعشاریہ 3 اوورز میں پورا کر لیا۔
سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں میزبان بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا پاکستان ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 110 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
اوپنر فخر زمان نے 44 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہو گیا، صائم ایوب 6، محمد حارث 4، کپتان سلمان علی آغا 3 اور حسن نواز صفر پر آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز 3 اور خوشدل شاہ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فخر زمان 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، فخر زمان نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 44 رنز بنائے۔
عباس آفریدی نے 3 چھکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کیے، گرین شرٹس نے 19 اعشاریہ 3 اوورز میں 10 وکٹوں پر 110رنز بنائے۔
بنگلادیش کے تسکین احمد نے 3 اور مستفیض الرحمٰن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں بنگلادیش نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی، ابتدا میں تنزید حسن اور لٹن داس کی 7 رنز پر وکٹیں گرنے کے بعد پرویز حسین اور توحید ہردوئے نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور اسکور کو 80 رنز تک لے گئے۔
بنگلادیش کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی توحید ہردوئے تھے جنہوں نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے جبکہ پرویز حسین نے 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی طرف سے سلمان مرزا نے 2 اور عباس آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی، 3 میچوں کی سیریز میں میزبان بنگلا دیش کو 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے.
Comments are closed.