اپوزیشن کی درخواست پر گورنرکو پشاورہائی کورٹ نے حلف برداری کےلئے نامزدکردیا
فوٹو: سوشل میڈیا
پشاور : اپوزیشن کی درخواست پر گورنرکو پشاورہائی کورٹ نے حلف برداری کےلئے نامزدکردیا ہے تاہم اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث بغیر حلف ملتوی کردیا گیا۔
رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائی گئی درخواست کے پی اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پختونخوا نے اس حوالے سے بتایا کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر کے پی اسمبلی میں منتخب ارکان سے حلف نہیں لیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کریں۔
اب چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے اپوزیشن کی درخواست پر مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کے لیے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو نامزد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس تقریباً ڈھائی گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا تاہم اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی رکن شیر علی آفریدی نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر اسپیکر نے اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا۔
کے پی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کے پی ڈاکٹر عباد اللہ کا کہنا تھا صوبے کو نابالغ سیاسی لوگوں کے حوالے کر دیا گیا ہے، آج مخصوص نشستوں پر اراکین کا حلف نہ لیکر غیر آئینی اور غیر قانونی کام کیا گیا، ہم آج ہی پشاور ہائیکورٹ میں اس حوالے سے درخواست دائر کریں گے اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے درخواست کریں گے کہ آج ہی کسی فرد کو مخصوص نشستوں پر حلف لینے کے لیے نامزد کریں۔
Comments are closed.