پاکستان نے بھارت سے جنگ میں پانچ طیارے مار گرائے تھے،صدرٹرمپ
فوٹو:فائل
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے جھوٹ سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہ پاکستان نے بھارت سے جنگ میں پانچ طیارے مار گرائے تھے۔ دونوں ممالک میں صورتحال انتہائی خراب تھی، ایٹمی جنگ کا خطرہ تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوٴس میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 5سے 6طیارے گرائے، دنیا کی کئی جنگیں روکنے پر فخر ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان خطرناک جنگ کا خاتمہ کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ دونوں ممالک میں صورتحال انتہائی خراب تھی، ایٹمی جنگ کا خطرہ تھا، پاکستان اور بھارت کو تجارت کا مشورہ دیا۔
امریکی صدر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہنا تھا کہ ہم نے بیوٹی فل بل پاس کرایا، کرپٹو میں امریکا دنیا بھر میں سب سے آگے ہے، امریکا کو دنیا بھر کیلئے کرپٹو کرنسی کا مرکز بنائیں گے۔
پاکستان نے اس چار روزہ جنگ کے دوران تین رفال سمیت انڈیا کے پانچ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا اور بھارتی عسکری حکام نے بھی اپنے کچھ طیاروں کے گرنے کا اعتراف کیا ہے تاہم کسی بھی بھارتی عہدیدار نے ابھی تک درست تعداد نہیں بتائی۔
صدر ٹرمپ نے انڈیا پاکستان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت طیارے فضا میں مار گرائے جا رہے تھے، پانچ پانچ، چار یا پانچ، لیکن میرا خیال ہے کہ پانچ طیارے واقعی مار گرائے گئے تھے۔
صدرٹرمپ نے بارہا انڈیا اور پاکستان کے درمیان مئی 10 کو ہونے والی جنگ بندی کا سہرا اپنے سر باندھا ہے جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ دونوں فریقوں کے ساتھ واشنگٹن کی بات چیت کا نتیجہ تھا۔
انڈیا نے ٹرمپ کے اس دعوے سے اختلاف کیا ہے کہ یہ جنگ بندی ان کی مداخلت اور تجارتی مذاکرات ختم کرنے کی دھمکی کی وجہ سے ہوئی۔
خیال رہے کہ بھارتی سرکار نے حسب عادت پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگایا لیکن پاکستان نے بھارتی الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات پیشکش کی تھی جسے بھارت نے رد کر دیا تھا۔
Comments are closed.