بلوچستان میں مسافر بس پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے
فوٹو : سوشل میڈیا
قلات : بلوچستان میں مسافر بس پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے، فائرنگ ضلع قلات کے قریب کی گئی، پولیس ذرائع کے مطابق بس کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی.
مسافر بس قومی شاہراہ پر حملے کا نشانہ بنی جبکہ حملے کے بعد نامعلوم ملزمان فرار ہو گئے۔ذرائع نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ابتک 3 لاشیں اور 14 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔
بعد میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے، ذرائع کے مطابق واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق پی آئی بی کالونی کراچی سے ہے.
قوالوں کا ایک 15 رکنی گروپ تھا جو ماجد علی صابری کے نام سے مشہور ہے اور کراچی سے کوئٹہ روانہ ہوا تھا تاکہ وہاں قوالی پڑھ سکیں۔
قوال ندیم، جو بنیا بھائی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، نے بتایا کہ یہ گروپ قوالی پڑھنے کے لیے کراچی سے کوئٹہ جا رہا تھا اور بس کو نشانہ بنانے کے وقت محض پونے گھنٹے کا فاصلہ رہ گیا تھا۔
ندیم کے مطابق واقعے میں ہمارے 3 لوگ جاں بحق ہوئے اور کئی زخمی ہیں، ہم ساؤنڈ سسٹم اور دیگر آلات کے ہمراہ کراچی سے روانہ ہوئے تھے۔
ندیم نے مزید کہا ہم تو فنکار اور قوال لوگ ہیں، نعت شریف پڑھتے ہیں، اگر ہمیں پتہ ہوتا کہ ایسا کچھ ہو جائے گا تو گھر سے ہی نہیں نکلتے۔
دوسری طرف طلحہ صابری نے واضح کیا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے قوالوں کا تعلق امجد صابری کے گھرانے سے نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ افراد کا تعلق ماجد علی اور ندیم علی قوال گھرانے سے ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر بس پرفائرنگ ہوئی ہے جس کے بعد سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں.
ترجمان کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا جا رہا ہے، بلوچستان کا کہنا تھا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں.
Comments are closed.