برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر طویل عرصے سے عائد پابندیاں ختم کر دیں
فوٹو:فائل
اسلام آباد: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر طویل عرصے سے عائد پابندیاں ختم کر دیں، برطانوی ہائی کمشنر نے فیصلے کی تصدیق کر دی۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان اور یو کے ماہرین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا، پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کیلئے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔
برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کی جانب سے پاکستان کی جانب سے فضائی حفاظت کے نظام میں بہتری کو تسلیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق ایئر لائنز کو پروازوں کیلئے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی، سیفٹی لسٹ سے اخراج آزاد اور تکنیکی عمل کے تحت ہوا، تاہم یہ ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ برطانیہ، پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم 4.7 ارب پاوٴنڈ سے زائد ہے، سفری سہولتوں میں بہتری سے اس دو طرفہ تعلق میں مزید استحکام آئے گا۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان اور یو کے ماہرین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پروازوں کی بحالی میں وقت لگے گا لیکن میں پاکستانی ایئر لائن سے سفر کی منتظر ہوں، پاکستان کے ساتھ فضائی رابطوں میں بہتری خاندانوں کے ملاپ میں مدد دے گی۔
یاد رہے کہ برطانوی ایئر سیفٹی لسٹ میں ردوبدل ایک آزاد اور تکنیکی بنیادوں پر مبنی طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے، جس کی نگرانی برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی کرتی ہے۔
یادرہے کہ پائلٹس کے جعلی لائسنس سکینڈل سامنے آنے پر 2020ء میں برطانیہ اور یورپ نے پاکستانی ایئر لائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی، حکومت کی مسلسل کوششوں کے بعد گزشتہ برس نومبر میں یورپی یونین نے پاکستانی ایئر لائن کی یورپ کیلئے پروازوں پر سے پابندی اٹھا لی تھی، تاہم اب برطانیہ نے بھی پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندی ہٹا لی ہے۔
Comments are closed.