ورلڈکپ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ نے افغانستان کو ہرا دیا۔
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) بر طانیہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کرکٹ میں انگلینڈ بنگلہ دیش کو 106رنز سے شکست دے دی۔
کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیسن رائے اور جونی برسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 128 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ جونی برسٹو 51 رنز بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کو دوسرا نقصان 205 رنز پر اٹھانا پڑا جب جو روٹ 21 رنز بنا کر محمد سیف الدین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
انگلش اوپنر جیسن رائے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 153 رنز کی اننگز کھیلی۔
جوز بٹلر نے بھی 44 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
ٹیل اینڈرز نے بھی اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے میں اپنا کردار ادا کیا، لیام پلنکٹ نے 9 گیندوں پر 28 جب کہ کرس ووکس نے 8 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے، بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور مہدی حسن مرزا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کے 387 رنز کے ہدف میں بنگلادیش کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور ابتداء میں ہی سومیہ سرکار 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تمیم اقبال تھے جو کہ 19 رنز بناکر پویلین لوٹے، تیسری وکٹ کی شراکت میں مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن نے 106 رنز کی پارٹنرشپ بناکر مزاحمت کی کوشش کی تاہم 169 کے مجوعی اسکور پر مشفیق الرحیم 44 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
شکیب الحسن نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے۔بنگلادیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 280 رنز پر ڈھیر ہوئی اور اسے میچ میں 106 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن 121 اور مشفیق الرحیم 44 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ انگلش ٹیم کے آرچر اور اسٹوکس نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میگا ایونٹ میں انگلینڈ نے 3 میں سے 2 میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میں اسے پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بنگلادیش کو 3 میچز میں سے 2 میں شکست اور ایک میں کامیابی حاصل ہوئی۔
ادھر ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں کیوی قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔
بارش رکنے کے باعث کھیل کا دوبارہ آغاز کیا گیا لیکن ایک بار پھر صرف دو اوورز کے کھیل کے بعد بارش شروع ہو گئی اور میچ کو دوبارہ روکنا پڑا۔ میچ روکا گیا تو افغانستان نے 22.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنا لیے تھے۔
افغان بلے باز کیوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
افغانستان کی جانب سے ہشمت اللہ شاہدی نے 59 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ حضرت اللہ ززئی نے 34 اور نور علی زردارن نے 31 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر جیمز نیشام نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے 4 شکار کئے اور ایک وکٹ کولن ڈی گرینڈ ہوم کے حصے میں آئی۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف با آسانی پورا کر لیا، نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر 48رنز بنا کر نمایاں رہے ،لیتھم 13اورکپتان ویلیمسن نے 79رنز بناہے اوردونوں ناٹ آوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے تینوں کھلاڑی آفتاب نے آوٹ کیے۔
Comments are closed.