امریکی یونیورسٹیوں میں پاکستانیوں سمیت درجنوں طلبہ کے ویزے اچانک منسوخ
فائل:فوٹو
واشنگٹن: بین الاقوامی طلبہ کیلئے امریکا کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو گیا، امریکی یونیورسٹیوں میں پاکستانیوں سمیت درجنوں بین الاقوامی طلبہ کے ویزے اچانک منسوخ کر دیئے گئے۔
ویزا منسوخی بغیر پیشگی اطلاع اور قانونی کارروائی کے کی گئی، ہارورڈ، اسٹینفورڈ، یو سی ایل اے اور یونیورسٹی آف مشی گن سمیت کئی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے ویزے منسوخ ہوئے ہیں۔
یوسی ایل اے میں 12 طلبہ اور گریجویٹس کے ویزے منسوخ کیے گئے، یونیورسٹی آف مشی گن کے ایک طالب علم نے ازخود ملک چھوڑ دیا۔
طلبہ کے اچانک ویزے منسوخ ہونے سے تعلیمی اداروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ ویزے منسوخ ہونے سے بین الاقوامی طلبہ بے چینی کا شکار ہو گئے ہیں۔
ادھر امریکی میڈیا کے مطابق جن یونیورسٹیوں کے طلبہ کے ویزے منسوخ کیے گئے ہیں ان کے ویزا منسوخی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔کالجز اور یونیورسٹیوں سے وابستہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت خاموشی سے یہ اقدام کر رہی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق پچھلے چند روز میں 141 بین الاقوامی طلبہ کے ویزے منسوخ کیے گئے ہیں جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک ہفتہ پہلے بتایا تھا کہ تین سو طلبہ کے ویزے منسوخ کیے جاچکے ہیں۔
Comments are closed.