بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی، کانگریس نے ہار مان لی
نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارت کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادی جیت کر ایک بار پھر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے۔
لوک سبھا کی 542 نشستوں کے لیے 7 مراحل میں ہونے والے ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی جس کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے واضح برتری حاصل کرلی۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کی 543 میں سے 542 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کی ووٹنگ مکمل کرلی گئی ۔
نتائج کے مطابق انفرادی طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی نے 300، کانگریس نے 52، اے ڈی ایم کے نے 23، شیو سینا 18 اور دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں نے 102 نشستیں حاصل کیں۔
غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد ‘نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس’ نے 345 نشستیں حاصل کیں جس کے مقابلے میں انڈین نیشنل کانگریس کے اتحاد ‘یونائٹیڈ پروگریسیو الائنس’ نے 94 نشستیں حاصل کیں۔
حکومت سازی کیلئے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بی جے پی نے انفرادی طور پر مطلوبہ تعداد سے زیادہ 300 نشستیں حاصل کرلیں۔
کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے بھی انتخابات میں اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوام سب سے بڑے فیصلہ ساز ہیں۔
پریانکا گاندھی نے بھی نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ 2014 میں حکومت بنانے والی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں نے 336 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کو 60 نشستیں ملی تھیں۔
Comments are closed.