دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مکمل،21 مسافر شہید ،تمام 33 دہشتگرد ہلاک، ڈی جی آئی ایس پی آر
فوٹو : فائل
راولپنڈی : بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کے بعد دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مکمل،21 مسافر شہید ،تمام 33 دہشتگرد ہلاک، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق تمام دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے.
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس میں 440 افراد سوار تھے۔آپریشن میں ایس ایس جی، ایئرفورس پولیس نے حصہ لیا، پہلے مرحلے میں خود کش حملہ آور کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو پاکستان کے شہریوں کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہے۔ آپریشن کے دوران تمام یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، اس دوران کوئی نقصان نہیں پہنچا اور 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے گزشتہ روز کوئٹہ سے پشاور جانے والے جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنایا تھا جس میں 500 مسافر اور عملہ سوار تھا۔
دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے میں فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا اور وہ بعد ازاں دم توڑ گیا، اس کے علاوہ متعدد مسافر بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔
بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کردیا تھا اور اس دوران 190 یرغمال مسافروں کو رہا کروایا تھا، جن میں سے 58 مرد، 31 خواتین اور 15 بچے گزشتہ روز ہی بازیاب ہو گئے تھے۔
دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے 37 مسافروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ 57 مسافروں کوکوئٹہ اور 23 کو مچھ اور آب گم میں رشتہ داروں کے پاس منتقل کردیا گیا۔
بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر بدترین حملے پر وزیراعظم شہباز شریف، صدرمملکت آصف علی زرداری، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سمیت اعلیٰ حکام اور سیاسی قائدین اور رہنماؤں نے مذمت کا اظہار کیا.
وفاقی یا بلوچستان حکومت کی طرف سے آپریشن سے متعلق حتمی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے، ذرائع کے مطابق خدشہ ہے اموات کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے اور فوری طور پر فگر سامنے آنا ممکن نہیں ہے.
اس سے قبل کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے، کلیئرنس آپریشن میں 190 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا جبکہ 30 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، کلیئرنس آپریشن کے باعث دہشتگرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلئے سکیورٹی فورسز کوشاں ہیں، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں، دہشت گردوں نے خودکش بمبار دہشت گردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل ساتھ بٹھایا ہوا ہے، خودکش بمبار دہشت گرد خود کش جیکٹس پہنے ہوئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ شکست کے پیش نظر دہشت گرد خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، سکیورٹی فورسز معصوم یرغمالیوں میں خود کش بمباروں کی موجودگی کے باعث انتہائی اختیاط سے کام لے رہی ہیں۔
دوسری جانب امن و امان کے پیش نظر جعفر ایکسپریس کو 3 روز کیلئے معطل کر دیا گیا، کراچی جانیوالی بولان میل کی سروس بھی معطل ہے۔
علاوہ ازیں سکیورٹی ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ پر بھارت اور ملک دشمن سوشل میڈیا غیر معمولی طور پر متحرک ہے، بزدلانہ حملہ ہونے کے وقت سے لے کر ہندوستانی میڈیا، سوشل میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاوٴنٹس ملکر مسلسل گمراہ کن، جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پروپیگنڈا اور فیک نیوز پھیلانے میں پرانی ویڈیوز، اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز، پرانی تصاویر، فیک وٹس ایپ پیغامات اور پوسٹرز کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، مذموم سوشل میڈیا مہم کے ذریعے لوگوں میں ہیجان پیدا کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے جڑے سوشل میڈیا اکاوٴنٹس بھی پاکستان مخالف زہر اگلنے میں ہندوستانی میڈیا کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں، ہندوستانی میڈیا پاکستان سے باہر بیٹھے خود ساختہ بھگوڑے بلوچ رہنماوٴں کے تجزیے دیکھا کر لوگوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہے۔
عوام سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈا کی بجائے مستند ذرائع سے دی جانے والی معلومات پر اکتفا کریں۔
Comments are closed.