امریکہ میں چین مخالف تقریب میں شرکت، وزیر داخلہ محسن نقوی کی وضاحت
فوٹو : فائل
اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی امریکہ میں ہیں جہاں ان کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکہ میں چین مخالف تقریب میں شرکت، وزیر داخلہ محسن نقوی کی وضاحت سامنے آئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، مخالفین زہریلا پراپیگنڈاکر رہے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تقریب میں شرکت کو پراپیگنڈا کرکے غلط رنگ دیاگیا، ایسے پروپگینڈے فرق نہیں پڑتا،کسی اینٹی چائنا فنکشن میں نہیں گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اُکسایا جارہا ہے، سیاست کریں لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کا نقصان ہو۔ کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت رہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشتگردی صرف پاکستان ہی نہیں سب کی مشترکہ لڑائی ہے، امریکی سیاستدانوں سےمل کردہشتگردی کیخلاف پلان بنانا ہے۔ پاکستان کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سےنمٹیں گے۔
وفاقی زیر داخلہ محسن نقوی نے اس سے قبل ہفتے کو امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پر کشش مواقع رکھتا ہے، پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور تمام معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے امریکہ پاکستان بزنس کونسل کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’ضروری این او سیز کے اجرا میں بہتری لائی گئی ہے۔ وزیرِ داخلہ نے امریکہ پاکستان بزنس کونسل کو ترجیحی بنیادوں پر خصوصی سہولتیں دینے کی بھی یقین دہانی کرائی.
Comments are closed.