اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کا عہد پورا کرے، الطاف احمد بٹ
فوٹو : فائل
اسلام آباد : جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے کہا ہے اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کا عہد پورا کرے، الطاف احمد بٹ نے یو این پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تاریخی 5 جنوری 1949 کی قرارداد پر عملدرآمد ممکن بنائے.
الطاف احمد بٹ نے ایک بیان میں اقوام متحدہ کو یاد دلایا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے۔ عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ، سے اپیل کی کہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ تنازع کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کیا جا سکے.
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ختم کروایا جا سکے۔مقبوضہ کشمیر میں موجودہ صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 1947 سے حل طلب کشمیر کا مسئلہ خطے کے لاکھوں افراد کے لیے خونریزی اور تکالیف کا سبب بنا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام دہائیوں سے بھارتی افواج کے ہاتھوں تشدد، جبر اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں،اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ خطہ ایک میدان جنگ میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں روزانہ معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
الطاف احمد بٹ نے بھارتی حکومت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم اکثریتی خطے کو اقلیت میں بدلنے کے لیے منصوبہ بندی کے تحت آبادی کے تناسب کو تبدیل کر رہی ہے۔ کشمیر اپنے رہائشیوں کے لیے ایک جہنم بن چکا ہے، جہاں بے گناہوں کے
قتل، ہراسانی اور ذلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں رائے شماری ہی کشمیر تنازعے کا واحد پرامن اور قابل عمل حل ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ کشمیری عوام کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جا سکے۔
Comments are closed.