اٹک اور نوشہرو فیروز میں ٹریفک حادثات ،16 افراد جاں بحق ، 26 زخمی
فائل:فوٹو
اٹکْ نوشہرو فیروز : اٹک اور نوشہرو فیروز میں ٹریفک حادثے کے دوران 16 افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق میانوالی سے راولپنڈی جانے والی بس فتح جنگ انٹرچینج کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں میں 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے ڈرائیور بس پر کنٹرول نہ کر سکا اور حادثہ پیش آیا، حادثے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نوشہرو فیروز میں ٹرالر اور وین میں تصادم سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں مورو کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں چھ افراد جان سے چلے گئے جبکہ 9 زخمی ہوئے ہیں، نعشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام تر افراد کا تعلق تگر برادری سے ہے، حادثے کا شکار وین شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔
علاوہ ازیں بہاولپور میں قومی شاہراہ پر اعظم چوک کے قریب مسافر مزدا وین الٹ گئی جس میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا، زخمی مسافروں کو وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments are closed.