پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا

56 / 100

فوٹو : سوشل میڈیا

اسلام آباد : پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا، صائم ایوب اور سلمان آغا کے درمیان 141 رنز کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹا، صائم ایوب 109 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

پاکستان نے سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا ہے پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ کا 240 رنز کے ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور کی تیسری بال پر 7 وکٹ کھو کر حاصل کرلیا۔

صائم ایوب نے 119 بالز پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے،قومی ٹیم کی جانب سے سلمان آغا نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا.

پارل میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 2 رنز پر گری، عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ انہیں مارکو یانسین نے آؤٹ کیا۔ صائم ایوب اور بابر اعظم کے درمیان 44 رنز کی شراکت بنی.

بابر اعظم 38 گیندوں پر 23 رنز بنا کر بارٹمین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد رضوان صرف ایک رن کے مہمان ٹھہرے، انہیں بھی 52 کے مجموعے پر بارٹمین نے بولڈ کرکے چلتا کیا۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر کامران غلام تھے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔ تاہم پانچویں وکٹ پر صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کےلیے 141 رنز جوڑ کر میچ جنوبی افریقہ سے دور کردیا۔

صائم ایوب نے 112 گیندوں پر ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔ وہ 109 رنز بنا کر 201 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

اوپننگ بلے باز صائم ایوب کے آؤٹ ہوتے ہی پہلے ایک رن بنانے والے عرفان خان 203 جبکہ شاہین آفریدی 209 کے مجموعے پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، نسیم شاہ نے مختصر مگر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

پہلے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 239 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی کی ٹیم کا آغاز اچھا رہا جہاں اسکے دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ہوم ٹیم کی پہلی وکٹ 70 رنز پر گری جب سلمان علی آغا نے ٹونی ڈی رورزی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 33 رنز بنائے۔

اسکے بعد سلمان علی آغا نے 88 کے مجموعے تک مزید تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر جنوبی افریقہ کو ناصرف 4 وکٹوں سے محروم کردیا بلکہ ہوم ٹیم کی رنز بنانے کی رفتار کو بھی سلو کردیا۔

سلمان نے 36 رنز بنانے والے ریان رکیلٹن، 8 رنز بنانے والے رسی ویندرڈوسن اور ایک رن بنانے والے ٹرسٹین اسٹبز کو بولڈ آؤٹ کیا۔

ایسے میں ہینرک کلاسین اور آئیڈن مارکرم نے 73 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو مشکلات سے واپس نکال کر بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کرنے کی کوشش کی۔

مارکرم صائم ایوب کی گیند پر 35 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تاہم وکٹ کے دوسری جانب موجود کلاسین نے مارکو یانسین کے ساتھ مل کر رنز بنانے کا مشن جاری رکھا۔

ایسے میں ابرار احمد نے 10 رنز بنانے والے یانسین کو باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کروا کر اس خطرناک ہوتی پارٹنرشپ کو بریک لگوائی۔ دونوں نے چھٹی وکٹ پر 50 رنز جوڑے۔

اسکے بعد 214 کے مجموعے پر ابرار احمد نے اینڈائل پھیخلوکلوائیو کو بھی کیچ آؤٹ کروادیا۔ وہ ایک رن کے مہمان ٹھہرے۔

جنوبی افریقہ کو 218 رنز پر 8واں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب شاہین آفریدی نے 86 رنز بنانے والے کلاسین کو کلین بولڈ کرکے انکا سنچری کا خواب بھی چکنا چور کردیا۔

اسکے بعد کگیسو رباڈا اور اوٹنیل بارٹمین نے 21 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 239 کے ٹوٹل تک پنچایا جہاں آخری گیند پر 11 رنز بنانے والے رباڈا رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 4، ابرار احمد نے 2 جبکہ صائم ایوب اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیونز

قومی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاریوں میں عبداللہ شیفق، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔

جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت آئیڈن مارکرم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹونی ڈی زورزی، ریان رکیلٹن، رسی ون در ڈوسن، ٹرسٹین اسٹبز، ہینرک کلاسین، مارکو یانسین، اینڈائل پھیخلوکوائیو، کگیسو رباڈا اور اوٹنیل بارٹمین شامل تھے۔

Comments are closed.