پاکستان کا ونڈے سیریز جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی زمبابوے کیخلا ف فاتحانہ آغاز
فوٹو: کرک انفو
بلاوائیو : پاکستان کا ونڈے سیریز جیتنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی زمبابوے کیخلا ف فاتحانہ آغاز، پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم کو 57 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی۔
زمبابوے کے شہربلاوائیو میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کے خلاف پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنا کر زمبابوے کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 15 اعشاریہ 3 اوور میں 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی،زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سکندر رضا 39 اور ٹاڈی واناشے 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف 2 اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گری جب اوپنر عمیر یوسف 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب اور عثمان خان نے ٹیم کو سنبھالا، اور 57 کے اسکور پر صائم ایوب بھی آؤٹ ہوگئے انہوں نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان عثمان خان کی وکٹ کا اٹھانا پڑا جب وہ 13 ویں اوور کی دوسری گیند پر 91 کے اسکور پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے انہوں نے اپنی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
کپتان آغا سلمان 19 گیندوں پر13 رنز بناسکے،طیب طاہر اور عرفان خان نے شاندار ناقابل شکست اننگز کھیل کر 65 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 165 رنز تک پہنچایا۔ طیب طاہر نے 39 اور عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔
زمبابوے کے سکندر رضا اور رچرڈ گراوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ویلنگٹن مساکڈزا اور ریان برل نے بھی ایک ایک وکٹ لی،پاکستان کے طیب طاہر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
Comments are closed.