پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان ضمانت منظوری کے بعد ایک اور مقدمہ میں گرفتار

52 / 100

فوٹو : فائل

راولپنڈی : پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان ضمانت منظوری کے بعد ایک اور مقدمہ میں گرفتار کر لئے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو راولپنڈی کے تھانہ نیوٹاؤن میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

تھانہ نیو ٹاؤن میں عمران خان کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میںٹیم عمران خان سے تفتیش کر رہی ہےجبکہ راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لئے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

لاہورہائیکورٹ نے تمام مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ،بانی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات ہائیکورٹ میں پیش کردی گئیں.

عمران خان کیخلاف پنجاب کے 6 شہروں میں 54 مقدمات درج ہیں جبکہ کہ صرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 62 کیسز کا اندراج کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے ایک مقدمہ میں گرفتاری ڈالی گئی ہے اور 2 مقدمات پھر ضرورتاً گرفتاری کیلئے بچائے گئے ہیں.

عمران خان کی بہن نورین نیازی کی درخواست پر رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ،رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کیخلاف پنجاب کے تھانوں میں 54 مقدمات ، اسلام آباد میں 62مقدمات جبکہ ایف آئی ے میں3 مقدمات اور4انکوائریاں چل رہی ہیں.

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ لودھی نے54مقدمات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 21 اور راولپنڈی میں18مقدمات درج ہیں، گوجرانوالا میں 1، قصور میں7، فیصل آباد میں5، اٹک میں2، میانوالی میں 1 مقدمہ درج ہے.

اس حوالے سے روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیرحمزہ ڈوگر نے وزارت داخلہ اورایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی.

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ اگر وہ کسی اور مقدمہ میں مطلوب نہیں ہیں تو عمران خان کو رہا کر دیا جائے.

Comments are closed.