ملک میں جاری سموگ کی لہرسے معمولات زندگی متاثر ،فضا بدستور مضر
فائل:فوٹو
لاہور، ملتان، پشاور: ملک میں جاری سموگ کی لہر نے شہریوں کی جان نہ چھوڑی، لاہور آج ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا دنیا میں دوسرا نمبر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 499 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 900 تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح لاہور کے علاقوں غازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 647، جوہر ٹاوٴن کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 425 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملتان شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 408 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور سرد رہے گا۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مغربی ہواوٴں کا ایک سلسلہ ملک میں آج داخل ہو گا، 15 اور 16 نومبر کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کے امکانات ہیں جبکہ بارش کے باعث لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں واضح کمی ریکارڈ کی جائے گی۔
ادھر خیبرپختونخوا میں سموگ کم ہونے لگی، صوبائی دارالحکومت پشاور میں سموگ میں واضح کمی آئی ہے، پشاورمیں ایئر کوالٹی انڈیکس 187 پر آگیا ہے۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پشاور تیسرے نمبر سے چھٹے نمبر پر پہنچ گیا، ہری پور میں 200 اور ایبٹ آباد میں 163 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا۔
ترجمان سٹی ٹریفک اور موٹروے پولیس کے مطابق سموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ تک، موٹروے ایم 4 کو لاہور سے درخانہ تک اور ایم 11 سیالکوٹ موٹروے کو سمبڑیال تک بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا ہے، روڈ یوزرز سموگ اور دھند سیزن میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیا کریں، رات کو سفر کرنا پڑے تو گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے ۔اسلام آباد اور گردونواح میں آج موسم خشک جبکہ سموگ اور صبح یا رات کے اوقات میں دْھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں شدید دْ ھند پڑنے کا امکان ہے ۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی01اورکلام میں02ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments are closed.