پنجاب میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث نجی و سرکاری اسکولز بند
فوٹو: فائل
راولپنڈی: پنجاب میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث نجی و سرکاری اسکولز بند کردیئے گئے،پنجاب حکومت نے صوبے بھرمیں سکولز بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفیکشن کے مطابق پنجاب میں بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی کے باعث تمام اسکولوں کو 17 نومبر تک مکمل بند رکھنے اور نجی اداروں کے نصف عملے کو آن لائن شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پہلے پنجاب کے 8 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جن میں لاہور، فیصل آباد،گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، ڈی جی خان، سرگودھا اورساہیوال سمیت دیگر اضلاع شامل تھے۔
اسمو گ بڑھنے کے باعث پنجاب کے وزیر تعلیم نے اب صوبے بھر کے اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 17 نومبر تک بند رہیں گے جب کہ نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہے کہ سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں، ٹیوشن سینٹرزکو آن لائن سیشن پرمنتقل کیا جائے۔
حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ ائیر کوالٹی انڈیکس میں اضافے اور فضائی آلودگی کےباعث سانس، آنکھوں،گلےکی بیماریاں بڑھنے پرکیا گیا ہے۔
پنجاب کے وزیرتعلیم رانا سکندر حیات کا کا کہنا ہے کہ اسموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں اسکول بند کر رہے ہیں، فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی نقصان کا احساس ہے مگر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھا رہے ہیں، بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کے لیے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا ہے۔
Comments are closed.