پاکستان نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر ایک روزہ میچز کی سیریز جیت لی
فوٹو : سوشل میڈیا
پرتھ : پاکستان نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر ایک روزہ میچز کی سیریز جیت لی، تیسرا ایک روزہ میچ پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے جیتا اور اس طرح 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔
پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، آسٹریلیا کی پرتھ میں سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کُن میچ میں پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کے فاسٹ بولرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، نسیم شاہ نے 20 رنز پر پہلی اور شاہین آفریدی نے 36 رنز پر دوسری وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 10.5 اوورز میں 56 رنز پر گری، کپتان جوش انگلس کو نسیم شاہ نے 7 رنز پر آؤٹ کیا۔کچھ ہی دیر بعد 13.5 اوورز میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 79 اور چھٹی 88 رنز پر گری۔ مارکس اسٹوائنس کو محمد حسنین اور گلین میکسویل کو حارث رؤف نے واپس پویلین بھیجا۔
آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 26 ویں اوور میں 118 رنز پر گری، ایڈم زیمپا کو نسیم شاہ نے 13 رنز پر آؤٹ کیا۔ یہ دونوں وکٹس شاہین آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک آسٹریلوی بیٹر کوپر کونولی ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بیٹرز نے پُراعتماد انداز سے بیٹنگ کی اور 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 84 اور دوسری وکٹ 85 رنز پر گری، عبداللّٰہ شفیق 37 اور صائم ایوب 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان نے پارٹنر شپ قائم کی اور میچ 26.5 اوورز میں ختم کیا۔
بابر اعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر حارث رؤف پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
تیسرے میچ میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 3،3 جبکہ حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے 1 وکٹ حاصل کی۔بولرز میں سب سے کم رنز فاسٹ بولر محمد حسنین اور حارث رؤف نے دیے.
دونوں بولرز نے 7،7 اوورز کرائے اور 24،24 رنز دیے جبکہ نسیم شاہ نے 9 اوورز میں 54 اور شاہین آفریدی نے 8.5 اوورز میں 32 رنز دیے۔
اس سے قبل پرتھ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پِچ مختلف نہیں لگ رہی اس لیے پہلے بولنگ کر رہے ہیں، پچھلےمیچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، حارث رؤف یہاں لیگ کھیلتے رہے ہیں، وہ کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں.
Comments are closed.