عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا کو پولیس کا مقابلے کے بعد بازیاب کرانے کا دعویٰ

50 / 100

فوٹو : فائل

اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا کو پولیس کا مقابلے کے بعد بازیاب کرانے کا دعویٰ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اور مبینہ مغوی وکیل کا موقف ایک ہے.

ترجمان پولیس کے مطابق پنجاب پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا کو پولیس مقابلے کے بعد بازیاب کرایا، حسن ابدال میں پنجاب پولیس سے مقابلے میں مبینہ اغوا کار گاڑی اور مغوی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے حسن ابدال میں ناکہ بندی پر مشکوک گاڑی کو روکا، جس میں اغوا کار گینگ ایک مغوی کو لے جارہا تھا گاڑی میں سوار اغواکاروں نے پولیس پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی.

جوابی فائرنگ پر ملزمان مغوی اور گاڑی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے، اٹک پولیس کے مطابق مغوی انتظار پنجوتھا کو بخیریت تحویل میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب مبینہ طور پر پر بازیاب ہونے والے بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا ہے کہ انھیں دو کروڑ روپے تاوان کی غرض سے اغوا کیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بازیابی کے بعد گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کو اسلام آباد سے اٹھایا گیا تھا، انہیں بہت مارا گیا، اغوا کار پشتو میں بات کرتے تھے اس لیے سمجھ نہیں آتی تھی کیا بات کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اغواکار تین چار گھنٹے سے سفر کرارہے تھے، کہاں سے یہاں تک لائے اسکا علم نہیں، ملزمان نے ہفتے کی شام تک باندھ کے رکھا ہوا تھا۔

انتظار پنجوتھا کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا،واضح رہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اور پنجوتھا سیم پیج پر ہیں اغوا کار پشتو بول رہے تھے کا روایتی موقف بھی ایک ہے، شدید فائرنگ ہوئی مگر اغواء کار فرار ہوگئے.

عدالت کو دیئے گئے وقت کے اندر وکیل پنجوتھا بازیاب

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن اور وکیل انتظار حسین پنجوتھا 8 اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتہ ہوگئے تھے اور اس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی گم شدگی کے خلاف درخواست دائر کردی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں وکیل علی اعجاز نے بتایا تھا کہ انتظار پنجوتھہ ایڈووکیٹ سے 8 اکتوبر شام 4 بجے سے رابطہ نہیں ہو رہا ہے۔

بعد ازاں یکم نومبر کو اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ انتظار حسین پنجوتھہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بازیاب ہوجائیں گے، جس کے بعد عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کردی تھی اور اب عدالت کو دئیے گئے وقت کے اندر وکیل پنجوتھا. بازیاب ہوگئے۔

ڈی پی او اٹک ڈاکٹر غیاث گل نے انتظار پنجوتھہ کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے مشکوک گاڑی کو روکا تو ملزمان نے گاڑی بھگا دی لیکن پولیس نے ناکہ بندی کرکے تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں گاڑی کو روکا اور گاڑی رکنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔

Comments are closed.