الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر 12 جولائی کےفیصلہ پر عملدرآمد کا پابند ہے، سپریم کورٹ
فوٹو:فائل
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پر نئے فیصلے سے روک دیا ہے اورقومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے ایک اور وضاحت سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کردی گئی۔
الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر 12 جولائی کےفیصلہ پر عملدرآمد کا پابند ہے، سپریم کورٹ کی دوسری وضاحت میں کہا گیاہے کہ کہ دوسری وضاحت الیکشن کمیشن کے مانگنے پر جاری کی گئی۔
مخصوص نشستوں کے فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ نے دوسری وضاحت جاری کردی،دوسری وضاحت دو صفحات پر مشتمل ہے جس میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترمیم کے ماضی سے اطلاق کرکے سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے کو بے اثر نہیں کیا جاسکتا۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ عدالتی مختصر حکم نامے کے بعد الیکشنز ایکٹ میں کی گئی ترامیم کا فیصلے پر کوئی اثر نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔
اکثریتی ججز نے وضاحت میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک متفرق درخواست میں استدعا کی کہ مختصر حکم نامہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 166 اور 104 کے تحت ہے۔
سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں سیکشن 104اے کو شامل کیا گیا ہے، پی ٹی آئی نے بھی ایک متفرق درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ یہ معاملہ تشریح طلب ہے، سپریم کورٹ کے مختصر حکم نامہ کو متاثر نہیں کیا جاسکتا۔
دوسری وضاحت میں ججز نے کہا ہے کہ ہماری پہلی وضاحت مختصر فیصلے اور تفصیلی وجوہات کے درمیان ایک کھڑکی کی مانند تھی۔
سپریم کورٹ کی وضاحت میں کہا گیاہے کہ ہم نے اپنے تفصیلی فیصلے میں تمام سوالات کے جوابات دے دیئے ہیں، آرٹیکل 189 کے تحت ہمارا فیصلے پر اطلاق لازم ہے۔
Comments are closed.