چین اورپاکستان میں سی پیک سمیت 13مفاہمتی یاداشتوں پردستخط، گوادرائرپورٹ کاورچوئل افتتاح
فوٹو: سکرین گریب
اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسمارٹ کلاس رومز کے حوالے سے دستاویزکا تبادلہ ہوا ہے۔
پروقارتقریب میں سی پیک کے تحت گوادر پر7ویں جوائنٹ ورکنگ گروپ اجلاس کے نکات کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا،چین اورپاکستان میں سی پیک سمیت 13مفاہمتی یاداشتوں پردستخط، گوادرائرپورٹ کاورچوئل افتتاح کیا گیا،سی پیک ورکنگ گروپ سےمتعلق مفاہمتی یادداشت اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔
پاکستان اورچین کے ممالک کے درمیان اطلاعات اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون ، آبی وسائل ، غذائی تحفظ کے شعبے اور مشترکہ لیبارٹریوں کے قیام بارے مفاہمتی یادداشت طے ہوئی۔
سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور ٹیلی ویژن پروگراموں کی مشترکہ پروڈکشن سے متعلق بھی دستاویز کا تبادلہ ہوا،پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی کے تبادلے کا بھی معاہدہ ہوا جو اسٹیٹ بینک اور پیپلز بینک آف چائنا کے درمیان طے پایا۔
وزیراعظم شہبازشریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کیا،اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے۔
لی چیانگ کاکہنا تھا منصوبے کی تکمیل کیلئے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ مضبوط دوستی کا بھی عکاس ہے۔
چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے قریب ہے، پاک ، چین شراکت داری وقت کے ساتھ گہری ہو رہی ہے، مشترکہ مستقبل اور ترقیاتی اہداف کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا آج پاکستان اور چین کے درمیان مختلف ایم اویوز پر دستخط ہوئے، چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر مشکور ہیں، دونوں ممالک نے صنعت،زراعت ، تجارت کے شعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔
انھوں نے کہا پاکستان کی ترقی کیلئے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں، پاکستان کے اکنامک ایجنڈے کو سپورٹ کرنے پر چین کے مشکور ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ممالک کے درمیان نئے باب کا اضافہ ہے، گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل پاک چین دوستی کی نئی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ دونوں ممالک کی مضبوط دوستی کا مظہر ہے، ایئرپورٹ سی پیک کے گلدستے میں ایک اور پھول کا اضافہ ہے، منصوبے کی تکمیل کیلئے دونوں ممالک کے انجینئرز اور ورکرز کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کے دورے پر آئے چائنیز وفد کی وزیراعظم ہاوس میں اہم ملاقات ہوئی ہے یہ ملاقات وزیراعظم شہبازشریف کی چینی ہم منصب سے وفود سطح کی ملاقات،علاقائی امورزیر بحث آئے۔
ملاقات کے بعد جاری کردہاعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہء خیال کیا اور باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی،دونوں رہنماؤں کا پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر شپ پہ اظہار اطمینان کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کا اس بات پراتفاق ہوا کہ یہ پارٹنر شپ باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے جسے وقت کے ساتھ مزید تقویت مل رہی ہے،دونوں رہنماؤں نے بنیادی نوعیت کے تمام معاملات ۔ پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کے فیز 2 کی اعلیٰ معیار پر ترقی کے لیے بھی عزم کا اظہار کیا گیا۔
دونوں قائدین نے باہمی سود مند، اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنعت، زراعت کی جدیدیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت، تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک کے تحت تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا۔
دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا جس میں دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو مضبوط کرنا شامل ہے،ملاقات میں چینی صنعت کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل اور کثیر الجہتی فورمز پر بھی قریبی مشاورت جاری رکھیں گے۔
اے پی پی اردو نیوز سروس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چین نے سکیورٹی، تعلیم، زراعت، انسانی وسائل کی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے طے شدہ 13 مفاہمت کی یادداشتوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعدپیر کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں منعقدہ تقریب میں ایم او یوز ، معاہدوں اور دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
دونوں وزرا اعظم اپنے اپنے وفود کے ہمراہ اس موقع پر موجود تھے ۔ وفاقی وزیراقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے وزیر تجارت وانگ وینتائو نے سمارٹ کلاس رومز پراجیکٹ کی حوالگی سے متعلق ایم او یوکی دستاویز کا تبادلہ کیا۔
سی پیک مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) کے 13ویں اجلاس کےمنٹس سے متعلق ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے وائس چیئرمین لیو سوشو نے کیا۔
سی پیک کے تحت گوادر پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے 7ویں اجلا س کےمنٹس سے متعلق ایم او یو کا تبادلہ وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے وائس چیئرمین لیو سوشو نے کیا ۔
سی پیک روزگار کے فروغ کےلئے تعاون کے ایم او یو کا تبادلہ وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے وائس چیئرمین لیو سوشو نے کیا۔
اطلاعات اور مواصلات کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے ایم او یو کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احدچیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔
پانی کی تنصیبات کا تحفظ ، فلڈکنٹرول اور آفات میں کمی سے متعلق باہمی تعاون کے سمجھوتے کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔ سلامتی کے شعبے میں تعاون کے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ کیا.
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔ جی ڈی آئی کے تحت انسانی وسائل کی ترقی پر لیٹر آف ایکسچینج کے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔
اسلام آباد میں آگ بجھانے والی گاڑیوں سے متعلق معاونتی پروگرام کے لیٹر آف ایکسچینج ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور چین کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لیو جائو ہوئی نے کیا۔
چین کو جانوروں کے گوشت کی برآمد سے متعلق قرنطینہ تقاضوں سے متعلق پروٹوکول کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی وزیرغذائی تحفظ راناتنویر حسین اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کیا۔
مشترکہ لیبارٹریوں کی مشترکہ معاونت سے متعلق ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ساجد بلوچ اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کیا ۔
مشترکہ ٹی وی پروگراموں کی تیاری سے متعلق ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کیا۔ اس موقع پر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پیپلز بینک آف چائنہ کے درمیان کرنسی کے تبادلے کے معاہدے کا بھی اعلان کیا گیا۔
Comments are closed.