تحریک انصاف کا احتجاج موخر ہونے اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت کا امکان
فوٹو:فائل
اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے باعث پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج موخر ہونے اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت کا امکان ہے، حکومت بھی احتجاج رکوانے کیلئے بیک ڈور رابطوں میں مصروف ہے.
گزشتہ روز حالیہ عرصہ میں پی ٹی آئی کے قریب آنے والی سیاسی مذہبی جماعت جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا بھی سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے رابطہ ہوا جس میں مولانا نے احتجاج موخر کرنے کی اپیل کی.
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا کل (15اکتوبر) کا ڈی چوک پر احتجاج منسوخ کرانے کی کوشش میں حکومت آج پیر کو پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے سکتی ہے.
بعض بیک چینل رابطوں کے بعد بیرسٹر گوہر اور حامد رضا عمران خان سے ملنے جائیں گے ۔ ادھر پی ٹی آئی نے عمران سے جیل میں ملاقات کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست بھی دیدی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے وزارت داخلہ کو لکھی درخواست میں کہا کہ آخری بار ہمارے وکلا کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ میں ملاقات 3 اکتوبر کو ہوئی۔ درخواست کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کرنے کی اجازت دی جائے.
خط میں کہا گیا ہے کہ میری اور صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات کرائی جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔
Comments are closed.