بانی پی ٹی آئی کیخلاف ایک اور مقدمہ درج، عمران خان کا شامل تفتیش ہونے سے انکار

50 / 100

فوٹو: فائل

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کیخلاف ایک اور مقدمہ درج، عمران خان کا شامل تفتیش ہونے سے انکار، یہ مقدمہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متنازع پوسٹ کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا درج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی آر میں حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جس کو 1138/24 کا نمبر دیا گیا.

یہ مقدمہ 13 ستمبر کو درج کیا گیا ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی چار رکنی ٹیم آج شام 7 بج کر 45 منٹ پر اڈیالہ جیل پوچھ گچھ کے لیے پہنچی جہاں ڈپٹی سپریڈینڈنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا.

سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وکلا سے مشاورت کا کہہ کر شامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چار رکنی تفتیشی ٹیم ہفتے کی صبح دوبارہ تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل جائے گی.

بانی پی ٹی آئی سے بغاوت کے پیغامات اور انہیں آگے پھیلانے میں ملوث ساتھیوں کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کرے گی۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم کو جواب دیا کہ وکلاء کی موجودگی میں تفتیش میں شامل ہوں گا۔

ایف آئی اے کی ٹیم بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی پوسٹ کی تحقیقات کیلئےخصوصی طور پر اڈیالہ جیل پہنچی تھی، چار رکنی ٹیم اڈیالہ جیل میں سوا گھنٹہ سے زائد موجود رہی، بانی پی ٹی آئی کے انکار کے بعد واپس روانہ ہوگئی۔

تحقیقاتی ٹیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایاز خان کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی، تفتیشی ٹیم میں ایف آئی اے سائبر کرائم کے تفتیشی اور تکنیکی افسران شامل تھے.

Comments are closed.