جے یوآئی پی ٹی آئی ملاقاتوں کاردعمل، صدرزرداری کے بعد وزیراعظم فضل الرحمان سے ملنے پہنچ گئے
فوٹو:فائل
اسلام آباد: جے یوآئی پی ٹی آئی ملاقاتوں کاردعمل، صدرزرداری کے بعد وزیراعظم فضل الرحمان سے ملنے پہنچ گئے،مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پرہونے والی ملاقات میں شہبازشریف نے ان سے حمایت کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات تحریک انصاف کے رہنماوں سے مولانا کی ملاقات کے بعد انھیں سیاسی طورپر انگیج کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ایک ہفتے کے دوران صدرمملکت آصف علی زرداری کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ پی ڈی ایم کے سابق اتحادی اب بھی رابطوں میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آج جے یو آئی سربراہ سے ملاقات کی اور ملک کو درپیش چیلنجز میں مدد اور حکومت کی حمایت کرنے کی درخواست کی ہے۔
وفاق میں اتحادی حکومت کے دو بڑوں کی ملاقاتوں کا مقصد مولانا فضل الرحمان کی ناراضی دور کرنا اور انہیں منانا ہے،وزیراعظم نے جے یو آئی سربراہ کو یقین دلایا ہے کہ اُن کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک جمہوری سوچ رکھنے والے زیرک سیاستدان ہیں، جے یو آئی سربراہ سے درخواست کی گئی کہ وہ ہمیشہ کی طرح جمہوری سیاسی سوچ کے ساتھ آگے چلیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے مولانا فضل الرحمان انتشاری ٹولے کی سیاست کو مسترد کریں گے اور حکومت میں شامل سابق اتحادیوں سے تعلقات بحال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹرگوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے حالیہ ملاقات جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قانون سازی پرکمیٹیاں بنائی گئی ہیں پرحکومت میں تشویش کی لہر دوڑی ہے۔
Comments are closed.