بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو10 وکٹوں سے شکست دے دی

50 / 100

فوٹو: کرک انفو ڈاٹ کام 

راولپنڈی: بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو10 وکٹوں سے شکست دے دی،پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی،عبداللہ شفیق 37 اور محمد رضوان 51 رنز بنا کرنمایاں رہے۔

پنڈی میں کھیلے جارہے ہیں پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم دوسری اننگز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دوسری اننگز میں بابر اعظم 22 اور شان مسعود نے 14 ، نسیم شاہ 3، شاہین آفریدی 2 اور صائم ایوب نے ایک رن بنایا جبکہ سعود شکیل اور آغا سلمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کے مہدی حسن میراز نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شکیب الحسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حسن محمود، ناہید رانا اور شریف الاسلام نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل پنڈی ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 23 رنز 1 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا تاہم پوری ٹیم 146 پر پویلین لوٹ آئی.

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں محمد رضوان کے 171 اور شعود شکیل کے 141 رنز کی بدولت 448 رنز بنائے تھے اور گرین کیپس نے اپنی پہلی اننگز 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، اسے پاکستان پر 117 رنز کی بھاری برتری حاصل کی تھی۔

چوتھے دن کا کھیل 

 بنگلادیش کی لیڈ 32 رنز، مشفیق الرحیم 159 اور مہدی میراز 49 رنز بنا چکے ہیں، پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 480 رنز بنائے ہیں. 

پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز لٹن داس 56 رنز بنا کر نسیم شاہ کی بال پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اس کے بعد پھر ایک لمبی پارٹنرشپ لگ گئی. 

پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز،بنگلہ دیش نے 5وکٹوں کے نقصان پر316 رنز بنا لئے،جبکہ مہمان ٹیم کو خسارہ پورا کرنے کیلیے 132 رنز مزید درکار ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلادیش کے اوپنر شادمان اسلام 93 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مومن الحق مشفق الرحیم اور لٹن داس نے نصف سنچریاں اسکور کیں،پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 2 جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
تیسرے دن بنگلایش کو ابتدا میں ذاکر حسن اور کپتان نجم الحسن شانتو کی وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا، دونوں باالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے پھر 31 کے مجموعی سکور پر نسیم شاہ نے بنگلا دیشی اوپنر ذاکر حسن کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
بنگلادیش کی دوسری وکٹ 53 رنز پر گری جب کپتان نجم الحسن شانتو خرم شہزاد کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ کی شرکت میں شادمان اسلام اور مومن الحق نے شاندار پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور کھانے کے وقفے تک 134 رنز تک پہنچایا۔
کھانے کے وقفے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو مومن الحق 76 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر خرم شہزاد کا شکار ہو گئے۔
بنگلہ دیش کی 147 رنز پر تیسری وکٹ گرنے کے بعد اوپنر شادمان اسلام اور مشفق الرحیم کے درمیان 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن چائے کے وقفے سے قبل شادمان اسلام 93 رنز پر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد آل راوٴنڈر شکیب الحسن نے 15 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہوئے۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے دو جبکہ نسیم شاہ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس52 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے،بنگلہ دیشی ٹیم کو سکور برابر کرنے کیلئے مزید 132رنز درکار ہیں۔

دوسرے دن کا کھیل 

راولپنڈی: پہلا ٹیسٹ دوسرا دن،بنگلہ دیش نے 448 کے جواب میں بغیر نقصان 27رنزبنالئے،محمد رضوان اور سعود شکیل کی سنچریوں کی بدولت پاکستان بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہا۔

پاکستان نےراولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن بنگلادیش کے خلاف پہلی اننگز 448 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ محمد رضوان 171 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ سعود شکیل نے 141 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

دوسرے روز کھیل کا آغاز سعود شکیل اور محمد رضوان نے کیا،محمد رضوان اور سعود شکیل نے پانچویں وکٹ پر 240 رنز کی شراکت بنائی، سعود شکیل 141 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مہدی حسن میراز نے آؤٹ کیا۔

سلمان علی آغا نے محمد رضوان کے ہمراہ 44 رنز کی شراکت بنائی، سلمان کو 16 رنز پرشکیب الحسن نے میدان بدر کیا۔

پاکستان کی اس کےبعد کوئی وکٹ نہ گری، محمد رضوان 171 اور شاہین شاہ آفریدی 29 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہتے ہوئے واپس پویلین آئے۔

بنگلادیش کی جانب سے شرف الاسلام اور حسن محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے پہلی اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 27 رنز بنالیے تھے،زاکر حسن 11 اور شادمان اسلام 12 رنز کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔

پہلے ٹیسٹ کا پہلا دن

پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے،پاکستان کے 3 کھلاڑی 16 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

عبداللّٰہ شفیق 2، شان مسعود 6 اور بابر اعظم صفر رن پر پویلین لوٹے، جس کے بعد صائم ایوب اور سعود شکیل کے درمیان 98 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو سنبھالا دیا، صائم ایوب 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلا دیش کی جانب سے شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

Comments are closed.