عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سہولت فراہم کرنے پر 2 پولیس افسروں کیخلاف کارروائی شروع
فوٹو:فائل
راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سہولت فراہم کرنے پر 2 پولیس افسروں کیخلاف کارروائی شروع، اڈیالہ جیل میں سہولت کاری کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لینے کے بعد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے تفتیش شروع کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے پوچھ گچھ مکمل کر لی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کا موبائل فون ریکارڈ حاصل کر لیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اوراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال بانی پی ٹی آئی کے سیل تک رسائی رکھتے تھے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کوکمرہ عدالت میں دوران سماعت بانی پی ٹی آئی سے سرگوشیاں کرتے بھی دیکھا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران پر بانی پی ٹی آئی کو موبائل رسائی دینے کا الزام بھی ہے، نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق حساس اداروں نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے لیے مبینہ سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو حراست میں لے لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق حساس اداروں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی، ان کے لیے سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے۔
حساس اداروں کی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم سے تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کے بعد محکمانہ کارروائی ہوگی، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا۔
سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ جیل میں ہائی سیکیورٹی زون کے انچارج تھے اور انہیں 20 جون کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
محمد اکرم کی جگہ طاہر صدیق شاہ کو اڈیالہ جیل کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقرر کردیا گیا تھا جب کہ اس کے بعد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال بھی ایسے ہی الزام میں زیر تفتیش ہیں.
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور 8 فروری انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں اور ووٹ لینے والی سیاسی جماعت کے سربراہ عمران خان مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
Comments are closed.