برطانوی وزیراعظم کا اسرائیلی ہم منصب اور فلسطینی صدر سے رابطہ، غزہ ،لبنان صورتحال پرگفتگو
فائل:فوٹو
لندن: برطانوی وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے غزہ اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیراعظم کیئر سٹارمر نے نیتن یاہو سے مسئلے کے مستقل اور طویل مدتی حل کے لیے دو ریاستی حل کی طرف بھی توجہ دلائی۔
عرب میڈیا کے مطابق نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے اسرائیلی وزیراعظم اور فلسطینی صدر کو ٹیلی فون کیا، برطانوی وزیراعظم نے نیتن یاہو سے غزہ اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق کیر سٹارمر نے اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی پر بھی زور دیا اور انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ زدہ لوگوں تک امداد کی رسائی کو تیز کرنے کے لیے کہا۔
اس دوران وزیراعظم کیئر سٹارمر نے نیتن یاہو سے مسئلے کے مستقل اور طویل مدتی حل کے لیے دو ریاستی حل کی طرف بھی توجہ دلائی، نیز فلسطینی اتھارٹی کو مالیاتی وسائل کی فراہمی پر زور دیا تاکہ وہ اپنے انتظامی امور کو چلا سکیں۔
عرب میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی فون پر بات کی اور انہیں کہا کہ وہ اپنی امن کی خواہش پر مبنی پالیسی کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے ناقال تردید حقوق کے اپنے موٴقف پر بھی قائم ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے لیے قطر، امریکہ اور مصری مذاکرات کار کوشش اور رابطے میں ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ غزہ میں جاری بدترین جنگ میں رکاوٹ پیدا ہو سکے گی۔
یادرہے کہ 7 اکتوبرسے اب تک غزہ کی اس جنگ میں اسرائیلی بمباری سے 38ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.