خیبرپختونخواکے 2 اضلاع میں آپریشنز،9 دہشتگرد 2 کمانڈرزسمیت مارے گئے
فوٹو:فائل
راولپنڈی: صوبہ خیبرپختونخواکے 2 اضلاع میں آپریشنز،9 دہشتگرد 2 کمانڈرزسمیت مارے گئے،مرنے والے دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیکیورٹی فورسز کے دو مختلف آپریشنز کے دوران مطلوب دہشتگرد کمانڈروں سمیت 9 دہشت گرد مارے گئے، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، اس دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمٰن اور دہشت گرد کمانڈر اشفاق عرف معاویہ سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ترجمان کے مطابق ضلع لکی مروت میں کئے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی میں مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے کلئیرنس آپریشنز بھی کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔
Comments are closed.