ٹی 20 ورلڈکپ،جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

46 / 100

فوٹو:فائل

انٹیگوا: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

جنوبی افریقا 10 سالوں میں پہلی بار ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچا ہے، میزبان ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیا تھا۔

میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا کا ہدف 136 سے کم ہو کر 123 ہوگیا جو 17 اوورز میں مکمل کرنا تھا، جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔

یہ میچ ناک آوٴٹ میچ کی صورت اختیار کر گیا تھا کیونکہ جیتنے والی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا تھا اور ہارنے والی ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر تمام ہونا تھا تاہم اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 2 اوورز کے بعد بارش ہو گئی اور کھیل کو کچھ دیر روکنا پڑا جس کی وجہ سے جنوبی افریقا کو 17 اوورز میں جیت کے لیے 123 رنز کا ہدف ملا۔

جنوبی افریقا کے ٹرسٹن سٹبس 29، ہنرک کلاسن 22، کپتان ایڈن مارکرم 18 اور کوئنٹن ڈی کاک 12 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جبکہ مارکو جانسن نے ناقابل شکست 21 رنز بنائے۔

ویسٹ ایڈیز کی جانب سے روسٹن چیز نے 3، آنڈرے رسل اور الزاری جوزف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں سر ویون رچرڈ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقا نے میزبان ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ساوٴتھ افریقا کی دعوت پر ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا مایوس کن آغاز کیا، 5 کے مجموعی سکور پر میزبان ٹیم کے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، شائے ہوپ صفر جبکہ کپتان نکولس پورن ایک رن ہی بنا پائے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے روسٹن چیز نے کائل میئرز کا ساتھ دیتے ہوئے 81 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو مجموعی سکور 86 رنز تک پہنچا دیا اس کے بعد 35 رنز کے ساتھ کریز پر موجود اوپنر بلے باز کائل میئرز کیچ دے بیٹھے۔

روسٹن چیز کا ساتھ دینے کیلئے ویسٹ انڈیر کا کوئی بھی بیٹر کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی آوٴٹ ہو کر پویلین کی طرف لوٹتا رہا، آندے رسل نے 15، عقیل حسین نے 6 رنز بنائے۔

اسی طرح الزاری جوزف 11 اور گڈکیش موتی 4 رنز کیساتھ ناٹ آوٴٹ رہے، یوں میزبان ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا پائی۔

ساوٴتھ افریقہ کی جانب سے لیگ سپنر تبریز شمسی نے شاندار باوٴلنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارکو جانسن، ایڈن مارکرم، کیشو مہاراج اور کاگیسو ربادا نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

Comments are closed.