ن لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں اگر مذاکرات کیے تو ان کی حکومت چلی جائے گی،بانی پی ٹی آئی 

47 / 100

فائل:فوٹو

بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ اگر میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے مجھے مطمئن کریں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں ن لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں اور کیا موسم کی بات کریں، اگر مذاکرات کیے تو ان کی حکومت چلی جائے گی۔

190 ملین پاوٴنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مذاکرات ایسے نہیں ہوتے، محمود خان اچکزئی اگر کوئی پیشکش لے کر آئیں گے تو پھر مذاکرات کرنے کا سوچیں گے، ہم نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی اتحاد کے ساتھ بات کرنے کی اجازت دی ہے، ن لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں اور کیا موسم کی بات کریں، اگر مذاکرات کیے تو ان کی حکومت چلی جائے گی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے مذاکرات کرنا چاہتا ہوں اپنی ذات یا حکومت کے لیے نہیں، پہلے بھی کہا تھا اگر میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے مجھے مطمئن کریں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کرائسز میں ہے، حکومت نے اپنے خرچے کم نہیں کیے جو تکلیف دہ بات ہے، موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول نہیں بناسکی، ملک کو سرجری اور مینڈیٹ والی حکومت کی ضرورت ہے جو ریفارمز کرکے ملک کو بچا سکے کیوں کہ پاکستان اس وقت زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے، موجودہ بجٹ نے ثابت کیا کہ مینڈیٹ کے بغیر حکومت ریفارمز نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ پروفیشنل افراد اور قوم پر ٹیکسوں کی بارش کردی گئی ہے، یکم جولائی کو آنے والے بجلی کے بلوں کے بعد قوم کے ہوش اڑ جائیں گے، لوگوں کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے، ایسی قانون سازی کی گئی ہے کہ حوالہ ہنڈی سے پیسہ ملک سے باہر بھیجنے کو روکنے کا طریقہ ہی موجود نہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کے پی میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر گنڈا پور سے کیے گے وعدے کو توڑا گیا، میرے چھوٹے سے کمرے میں پنکھا بند ہو تو وہ اوون بن جاتا ہے اور کے پی میں تو 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، بجلی کی چوری پرانا مسئلہ ہے، حیدر آباد، سندھ، کوئٹہ میں بھی بجلی چوری ہوتی ہے، خیبر پختون خوا کے عوام علی امین گنڈا پور کو برا بھلا کہہ رہے ہیں وہ کہاں جائے؟

ان کا کہنا تھا کہ میں نے علی امین گنڈا پور سے ملاقات سے کبھی انکار نہیں کیا سپرنٹنڈنٹ جیل میرے ملاقاتیوں کی فہرست سے نام نکال دیتا ہے، شیرافضل مروت لندن کی ٹھنڈی ہوائیں لے رہا ہے، ملک میں کون سی سے ایسی پارٹی ہے جس میں گروپنگ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں خزانہ خالی ہے دوسری طرف مریم نواز اپنی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے، اڈیالہ جیل میں بیٹھے میجر اور کرنل کے خلاف بدھ سے کیس دائر کریں گے جس کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال نے مجھے 5 سال جیل میں رکھنے کا کہہ کر عدلیہ کی توہین کی ہے،سینئروفاقی وزیر کے اس بیان کے بعد یہ ظاہر ہے ملک میں قانون کی حکمرانی موجود ہی نہیں، احسن اقبال ایسے بیانات کس منہ سے دے رہے ہیں؟ اڈیالہ جیل میں دو اچھے افسران تھے جنہیں یہاں سے تبدیل کردیا گیا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کو اڈیالہ جیل سے تبدیل کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جس شخص نے فراڈ الیکشن کرائے وہ ہمیں انصاف کیسے دے سکتا ہے؟ شہباز شریف کے 5، نواز شریف کے چار، مریم نواز کے 2 اور زرداری کے 10 مقدمات نئے قانون بنا کر ختم کرائے گئے، این آر او ٹو میں بہت بڑا فراڈ کیا گیا ایسی ترامیم کی گئیں جو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں کی جاتیں، نیب قوانین میں ترامیم کرکے اپنی چوریاں چھپائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا قرضہ ادا کرنے کے لیے مزید قرض لینا پڑے گا، عدلیہ کا امتحان ہے وہ کمزور کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے یا طاقتور کا ساتھ دیتی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بھارت نے ہمارے بریگیڈئیر کو قتل کردیا اور آئی ایس آئی یہاں لگی ہے کہ کون جیل آسکتا اور کون نہیں آسکتا؟۔

Comments are closed.