ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی

50 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد/لاہور:ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی، مختلف چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے ، نماز کی ادائیگی کے بعد سنت نبوی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کیے گئے۔

حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل  کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعاوٴں کے ساتھ ہوا۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد، راولپنڈی ،لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے سیکڑوں اجتماعات ہوئے، علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیم ور حضرت اسمٰعیل  کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد اور لاہور میں نماز عید کا بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جہاں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی، کراچی میں بھی نماز عید کے سیکڑوں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔

عید کے اجتماعات میں کشمیریوں سے یکجہتی، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کیلئے رب کے حضور خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس موقع پر ملک بھر میں نمازیوں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد تمام مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ ازیںآ زاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھی عید الاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں نماز عید ادا کر دی گئی جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر اجتماعات میں کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے، پوری قوم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مندوں کی مدد کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں، اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے، دعاگو ہوں یہ مبارک موقع عالم اسلام کے لئے خوشیاں لائے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے عید کے پیغام میں کہا کہ عید کے موقع پر تمام قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتا ہوں، قربانی کا مقصد نفسانی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کیلئے قربان کرنا ہے، عید پر ان افراد کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، فلسطینی اور کشمیری ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔

مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس موقع عظیم تر بھلائی کیلئے قربانی کی روح کو اجاگر کرتا ہے، اس مبارک دن پر ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ملک میں آزادی اور امن قائم ہے۔

آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں جاری رکھے اور اسے دشمنوں کی ناپاک سازشوں سے محفوظ رکھے۔

Comments are closed.