وزیراعظم کی پٹرول سستا کرنے کی ہدایت نظرانداز،وزارت خزانہ کا حکم نافذکرنا پڑا
فوٹو: فائل
اسلام آباد: وزیراعظم کی پٹرول سستا کرنے کی ہدایت نظرانداز،وزارت خزانہ کا حکم نافذکرنا پڑا،وزیراعظم کی ہدایت سرکاری طور پر جاری ہوئی تھی جس میں پٹرول کی قیمت 15 روپے 4 پیسے کم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پاکستان کی طرف سے ٹکرزنمبر01-2309 جاری کئے گئے تھے جس میں پٹرول کے ساتھ ساتھ ڈیزل کی قیمت میں بھی 7 روپے 9 پیسے کمی کی نوید سنائی گئی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی سفارش کے ساتھ یہ بیان جاری ہوا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے اور معاشی استحکام آیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا بیان اور پٹرول سستا کرنے کی ہدایات ٹی وی چینلز نے بریکنگ نیوز کرکے چلائے،ہرٹی وی چینلز بڑی دیر تک وزیراعظم کے اقدام کی تعریف کرتے رہے۔
یہی نہیں بلکہ پٹرول پمپس پروزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں پٹرول کی نئی قیمت 258 روپے کردی گئی، لوگوں نے اسی قیمت پر پٹرول خریدا لیکن 12 بجے وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں اپنے ہی چیف ایگزیکٹو کا فیصلہ ختم کردیا گیا۔
وزارت خزانہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی سفارش نظر انداز کرتے ہوئے پیٹرول 15 روپے کی بجائے صرف 4 روپے 74 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں صرف 3 روپے 86 پیسے کمی کی گئی ہے اور کہا گیا کہ نئی قیمتوں کا فوری اطلاق ہوگا،وزارت خزانہ نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
واضح رہے وزیراعظم کا پٹرول سستا کرنے کا سرکاری اعلامیہ نہ صرف میڈیا پر چلتا رہا بلکہ تمام ہی نچی ٹی وی کی ویب سائٹس ، اخبارات ، چینلز نے خبریں آن ائیرکردیں بلکہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم اور حکومتی جماعت کے حامی وزیراعظم اور حکومتی اقدام کی تعریفیں کرتے رہے۔
Comments are closed.