کولمبیا کافلسطین میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان
فائل:فوٹو
بگوٹا: کولمبیا نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے بعد رملہ میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کر دیاجبکہ ناروے کے وزیر اعظم کاکہناہے کہ ہمارا ملک فلسطین کو باضابطہ طور پر 28 مئی سے ایک ریاست کے طور پر تسلیم کر لے گا۔
گزشتہ روز تین یورپی ملکوں آئرلینڈ، سپین اور ناروے کی قیادت نے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان پچھلے کئی ہفتوں سے کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا مگر اب یہ زیادہ ٹھوس، موثر اور جاندار طریقے سے سامنے آیا ہے۔
سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی طرف سے یہ اعلان کیا گیا کہ 28 مئی کو آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ناروے کے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا ملک فلسطین کو باضابطہ طور پر 28 مئی سے ایک ریاست کے طور پر تسلیم کر لے گا۔
آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا ہے کہ ہم اوسلو اور میڈرڈ کے ساتھ مشترکہ اعلامیہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں، یہ آئرلینڈ اور فلسطین کیلئے ایک تاریخی اور اہم دن ہے، ہمیں یقین ہے کہ مزید ملک بھی اس سلسلے میں ہمارے ہمقدم بنیں گے۔
ادھر کولمبیا نے بھی فلسطین کو باقاعدہ طور پر آزاد ریاست تسلیم کرنے کے بعد رملہ، فلسطین میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کولمبین صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں شہریوں کا قتل عام کیا، کولمبیا نے اسرائیلی بربریت کی وجہ سے اسرائیل میں اپنا سفارتخانہ بند کیا، آئندہ ماہ رملہ میں کولمبیا کا سفارتخانہ کھل جائے گا۔
Comments are closed.