آزادی مارچ کیس،عمران خان ، شیخ رشید اور دیگر پی ٹی آئی رہنماء بری

42 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے آزادی مارچ سے متعلق ایک کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی ، شیخ رشید اور دیگر پی ٹی آئی رہنماوٴں کو بری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید ، فیصل جاوید، علی نواز اعوان، شاہ محمود قریشی، قاسم سوری، راجہ خرم نواز، سیف اللہ نیازی ، زرتاج گل اور اسد عمر کو بری کردیا۔

علاوہ ازیں آزادی مارچ کے ایک دوسرے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے عمران خان، زرتاج گل اور اسد عمر سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس خان نے 2022ء میں پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے حوالے سے تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماوٴں کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

وکیل نعیم پنجوتھہ نے بریت کی درخواستوں پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر مقدمے میں 109 کا الزام ہے کہ ان کے ایما پر ہوا، غیر مجاز شخص کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی، جس ایف آئی آر کی بنیاد ہی غلط ہو وہ مقدمہ آگے کیسے چل سکتا ہے، مقدمہ درج کرنے کی اتھارٹی صرف اس کے پاس ہے جس نے دفعہ 144 نافذ کی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حد تک کوئی ویڈیو شواہد بھی پیش نہیں کیے جاسکے، پرامن احتجاج پر ایف آئی آر درج کی گئیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک ہی نوعیت کے مختلف تھانوں میں انیس مقدمات درج ہیں، اسی نوعیت کے مقدمات میں عدالتوں نے بانی پی ٹی آئی آئی کو بری کیا ہے، جو الزامات لگائے گئے اگر وہ بے بنیاد ہوں تو عدالت ملزمان کو بری کر سکتی ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے تھے، ان کی کال پر پرامن احتجاج کیا گیا تھا، پولیس شیلنگ کی وجہ سے درختوں کو آگ لگی کسی ورکر نے کوئی آگ نہیں لگائی، بانی پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کو عدالت باعزت بری کرے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر لانگ مارچ کے دوران احتجاج اور توڑ پھوڑ کے کیس میں بانی پی ٹی آئی ، فیصل جاوید ، علی نواز اعوان ، سیف اللہ نیازی ، زرتاج گل ، اسد عمر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید ، فیصل جاوید، علی نواز اعوان، شاہ محمود قریشی، قاسم سوری، راجہ خرم نواز، سیف اللہ نیازی ، زرتاج گل اور اسد عمر کو بری کردیا۔

Comments are closed.