ن لیگ کے رہنماوں کا شہبازشریف کی پارٹی صدارت پر عدم اعتماد کااظہار

50 / 100

فوٹو:فائل

اسلام آباد: ن لیگ کے رہنماوں کا شہبازشریف کی پارٹی صدارت پر عدم اعتماد کااظہار،لیگی رہنماوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے دوبارہ پارٹی کی صدارت سنبھالنے کی درخواست کردی۔

سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللّٰہ نےلاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ن لیگ پنجاب کے اجلاس کی تجاویز نواز شریف کو چین سے واپسی پر پیش کی جائیں گی۔

ان رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہم اپنی خامیوں اور کوتاہیوں پر قابو پائیں گے، پارٹی کا بیانیہ اب بھی وہی رہے گا، جس کی منظوری میاں نواز شریف دیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ2017ء میں ایک جبر ہوا تھا، میاں نواز شریف کو پارٹی سے الگ کیا گیا تھا تاہم وہ عدالتوں سے سرخرو ہوچکے ہیں اور ہم نے ان سے دوبارہ شہبازشریف کی جگہ پارٹی صدارت سنبھالنے کی درخواست کردی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ پارٹی اپنی وفاق اور پنجاب حکومت کیساتھ بھرپور انداز میں کھڑی ہے، میاں نواز شریف دوبارہ پارٹی کی قیادت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام عہدیداروں نے سیاسی صورتحال پر موثر تجاویز دی ہیں، نواز شریف دن رات ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ اظہار رائے ہر سیاسی کارکن کا حق ہے، ہم ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرتے ہیں، نواز شریف جو بیانیہ دیں گے وہی بیانیہ رہے گا، چاہے وہ مزاحمت کا ہو یا مفاہمت کاہو۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن آگے بڑھے گی، ہم نے قائد کا عہدہ تخلیق کیا تھا لیکن پارٹی میں آپریشنل عہدہ صدر کا ہی ہے۔

Comments are closed.