کراچی میں غیرملکیوں کی گاڑی پر خود کش دھماکہ، فائرنگ ، 2 افراد ہلاک
فائل:فوٹو
کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی اسٹاپ کے قریب خودکش دھماکے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے، پولیس کاکہناہے کہ خودکش دھماکے اور فائرنگ سے ہلاک دونوں افراد حملہ آور تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لانڈھی مانسہرہ کالونی اسٹاپ کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو گاڑی کے قریب دھماکے اْڑایا۔ دہشت گردی کے واقعے کے بعد جائے وقوع سے ہلاک اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے وقت فائرنگ بھی ہوئی، جس میں 2 سکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم دونوں کی عمر 30 اور 35 سال کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے جب کہ زخمی ہونے والوں میں نور محمد ولد محمد صدیق عمر 45 سال اور لنگر خان ولد ساون خان عمر 45 سال شدید زخمی ہیں۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پولیس کی جانب سے ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں جاپانی شہریوں کی گاڑی (ہائی ایس) کو نشانہ بنایا گیا جس پر 4 غیر ملکی سوار تھے جو محفوظ رہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دونوں افراد حملہ آور تھے۔
ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش دھماکے میں 2 حملہ آور ہلاک ہوئے جب کہ ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
اظفر مہیسر نے کہا کہ غیر ملکی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے جب انکی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے سے ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔
ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ کو دی گئی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کی بروقت کارروائی سیغیر ملکی محفوظ رہے، ان کا ایک گارڈ زخمی ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کو واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کردی۔
Comments are closed.