سابق بھارتی کپتان کے ساتھ بزنس پارٹنرکا بڑا فراڈ ، 15 کروڑ زائد کا چونا لگا دیا

46 / 100

فوٹو فائل

سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے سابق بزنس پارٹنر کو مبینہ طور پر دھوکا دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں چنائی سپر کنگز کی نمائندگی کرنے والے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے سابق بزنس پارٹنر مہر دیواکر کو دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

لیجنڈری کرکٹر کی جانب سے سابق بزنس پارٹنر مہر دیواکر اور سومیا داس کیخلاف ڈسٹرکٹ کورٹ رانچی میں شکایت درج کرائی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ کرکٹ اکیڈمیز کے قیام کیلئے بھارت سمیت بیرون ملک (دھونی) کا نام استعمال کرکے کئی کرکٹ اکیڈمیز قائم کی ہیں۔

سابق کرکٹر کے بزنس پارٹنر مہر دیواکر آرکا اسپورٹس مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر ہیں، انہیں گزشتہ روز پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

دیواکر پر ایم ایس دھونی کرکٹ اور اسپورٹس اکیڈمیوں کیلئے پیسے لینے کا بھی الزام ہے، جس کے نتیجے میں 15 کروڑ روپے سے زیادہ کا مبینہ فراڈ ہوا۔

آرکا اسپورٹس معاہدے میں بیان کردہ تناسب کے مطابق فرنچائز فیس ادا کرنے اور منافع میں حصہ لینے کی ذمہ دار تھی تاہم تمام شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔

چنئی سپر کنگز کے کپتان نے دعویٰ کیا تھا کہ کرکٹر اکیڈمیاں شراکت داروں نے ان کے علم میں لائے بغیر قائم کی تھیں، اس کے علاوہ دھونی کی جانب سے شراکت داروں کو فراہم کردہ اتھارٹی لیٹر 15 اگست 2021 کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

خط منسوخ ہونے کے باوجود بزنس پارٹنرز نے دھونی کے نام پر کرکٹ اکیڈمیاں اور اسپورٹس کمپلیکس قائم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

دھونی نے بھارتی پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 120، 406 بی، 420، 467، 468، 471 کے تحت ڈسٹرکٹ کورٹ رانچی کی مجاز عدالت میں آرکا اسپورٹس مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، مہر دیواکر اور سومیا داس کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔

Comments are closed.