لاس اینجلس کی تاریخ میں سب سے بڑی ڈکیتی
فائل:فوٹو
سیلمار: امریکا میں کسی نے لاس اینجلس میں واقع” گارڈا ورلڈ“ کیش اسٹوریج کی سہولت سے 30 ملین ڈالرز چوری کرلیے گئے ہیں جسے لاس اینجلس کی تاریخ میں سب سے بڑی ڈکیتی قرار دیا گیا ہے۔
کینیڈین سیکیورٹی کمپنی گارڈاورلڈ نقد ذخیرہ کرنے، ٹرانسپورٹیشن کی خدمات اور کلائنٹس کی رقم کو اس وقت تک محفوظ رکھنے کی خدمات پیش کرتی ہے جب تک اسے استعمال یا بینک میں منتقل نہ کیا جائے۔
گارڈاورلڈ دنیا میں سب سے بہترین سیکورٹی کمپنیوں میں سے ایک ہے جس میں درجنوں گارڈز، الارم، موشن ڈیٹیکٹر اور بہترین نگرانی کے اوزار موجود ہیں۔تاہم اس کے باوجود کوئی ان تمام حفاظتی اقدامات کو چکما دے کر 30 ملین ڈالرز چوری کرنے میں اسطرح کامیاب ہوا کہ چوبیس گھنٹوں تک کسی کو بھی اس چوری کا پتہ ہی نہیں چل سکا۔
لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ (لے اے پی ڈی) اور ایف بی آئی نے ڈکیتی کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ یہ اب بھی جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی کیسے اس جگہ سے چوری کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
گارڈاورلڈ جیسے کیش اسٹوریج کمپلیکس تک رسائی حاصل کرنا ایک بات ہے لیکن بغیر کسی الارم کے بجنے کے احاطے میں آنا، کوئی نشان چھوڑے بغیر تجوری کھولنا اور دسیوں ملین ڈالرز کے ساتھ فرار ہونے کے لیے تیاری، مہارت اور معلومات کی ضرورت ہوتی ہے۔
Comments are closed.