پاکستان کی بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس کی مذمت

45 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس کی مذمت کی ہے۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے عالمی برادری کو بھارت کے گھناوٴنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ 25 جنوری 2024ء کو پاکستان نے بھارتی دراندازی کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے، یہ پاکستان میں بھارت کے ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل عام کی مہم کے واضح ثبوت ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کا مزید شہریوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ واضح طور پر جرم کا اعتراف ہے، عالمی برادری کو بھارت کے ان گھناوٴنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خود مختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے، فروری 2019ء کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعووٴں کو بے نقاب کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انتخابی فائدے کے لیے بھارتی حکمران نفرت انگیز بیان بازی کا سہارا لے رہے ہیں، بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے، ہماری امن کی خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے، تاریخ پاکستان کے پختہ عزم اور اپنے بھرپور دفاع کی صلاحیت کی گواہ ہے۔

Comments are closed.