گارڈین نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا

48 / 100

فائل:فوٹو

لندن :بین الاقوامی جریدے”گارڈین” نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔خطے میں دہشتگردی کا مرتکب بھارت اب کھل کر سامنے آگیا۔

معروف برطانوی اخبار ”دی گارڈین“ کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگز بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے سلیپر سیل کی کارروائی قراردی ہے ۔
برطانوی جریدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مزکورہ کارروائیوں میں 20 سے زائد افراد کو 2020 کے بعد سے پاکستان میں نشانہ بنایا جاچکا ہے ،پاکستان میں ہونے والی کاروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے سلیپر سیل ملوث ہیں۔

بھارتی خفیہ ایجنسی راء نے پاکستان میں کاروائیوں کے لیے جہادی تنظیموں کے کارندوں کا بھی استعمال کیا،بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے ایجنٹس نے اجرتی قاتلوں کو متحدہ عرب امارات سے پیسے پہنچائے۔

دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی اور انڈین خفیہ ایجنٹس سے ہوئی گفتگو اور پاکستانی تفتیش کاروں کی فراہم کردہ دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح انڈیا کی غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالسس ونگ (را) نے 2019 کے بعد سے قومی سلامتی کے نام پر مبینہ طور پر بیرون ملک قتل کرنا شروع کیے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2020 سے اب تک پاکستان میں نامعلوم مسلح افراد نے تقریباً 20 لوگوں کو قتل کیا۔ رپورٹ میں پاکستانی تفتیش کاروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’ان اموات کی منصوبہ بندی انڈین انٹیلی جنس سلیپر سیلز نے کی‘ جو کسی دوسرے ملک سے کام کر رہے تھے۔

2023 میں ہوئی اموات میں اضافے کی وجہ انہی سیلز کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو جاتا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ مقامی مجرموں یا غریب پاکستانیوں کو قتل کے لیے لاکھوں روپے ادا کرتے ہیں۔

ایک انڈین انٹیلی جنس افسر نے دی گارڈین کو بتایا کہ انڈیا نے اسرائیل کی موساد اور روس کی کے جی بی جیسی خفیہ ایجنسیوں سے ترغیب حاصل کی، جن پر الزام ہے کہ وہ غیر ملکی سرزمین پر ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی دو خفیہ ایجنسیوں کے سینیئر عہدے داروں کا کہنا ہے کہ انہیں شبہ ہے کہ 2020 سے اب تک 20 اموات میں انڈیا ملوث ہے، انہوں نے سات مقدمات میں انکوائریوں سے متعلق شواہد کی طرف اشارہ کیا، جن میں گواہوں کی شہادتیں، گرفتاری کے ریکارڈ، بیانات، واٹس ایپ پیغامات اور پاسپورٹ شامل ہیں۔

برطانوی جریدے کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی راء بھارتی وزیر اعظم مودی کے زیر سایہ ایک قاتل گروہ بن کر ابھرا ہے،بھارتی خفیہ ایجنسی کے کارندوں نے داعش کے شدت پسندوں کو پاکستان میں کاروائیوں کے لیے خریدا،بھارت کی جانب سے پاکستان میں سکھ رہنماوٴں کو بھی قتل کیا گیا۔

بھارت نے قتل کی کارروائیوں کیلئے اپنے ایجنٹ کو 4000 پاوٴنڈ کی ادائیگی کی،بھارت نے ایک عرصے کی پلاننگ کے بعد یہ کاروائیاں کیں،بھارتی خفیہ ایجنسی کی بیرون ملک قاتل سکواڈ چلانے کا پردہ کینیڈا اور امریکہ میں فاش ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے راء کو خفیہ ایجنسی کی بجائے ایک ہٹ اسکواڈ بنا دیا ہے جو دوسرے ممالک میں کھل عام بدامنی اور قتل و غارت میں ملوث ہے۔

Comments are closed.