کے پی میں سینیٹ الیکشن کو مخصوص نشستوں پر حلف سے مشروط کرنے کا فیصلہ چیلنج

41 / 100

فائل:فوٹو
پشاور: خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کو مخصوص نشستوں پر حلف سے مشروط کرنے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کے حلف سے مشروط کرنے کیے فیصلے کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ کی رکنیت کے امیدوار اعظم سواتی نے علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں اعظم سواتی کی جانب سے موٴقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو التوا کا شکار کرنا غیر قانونی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا 26 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر 2 اپریل کو کے پی کے میں سینیٹ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔

اعظم سواتی کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو نہیں سنا اور بغیر سنے فیصلہ جاری کردیا۔ جن ارکان کو الیکشن کمیشن نے سنا وہ ابھی منتخب ہوئے، حلف بھی نہیں لیا۔ درخواست گزار اعظم سواتی سینیٹ کی رکنیت کے امیدوار ہیں، ان کو نہیں سنا گیا۔

درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے سے سینیٹ کا انتخابی عمل متاثر ہوگا۔ سینیٹ انتخابات کو بروقت یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کو مخصوص نشستوں پر منتخب ہونیو الے ارکان اسمبلی سے حلف لینے سے مشروط کیا ہے۔

Comments are closed.