غزہ میں حماس کے ساتھ دوبدو لڑائی میں ایک اور اسرائیلی فوجی مارا گیا ،مجموعی تعداد 250 ہوگئی

47 / 100

فائل:فوٹو

تل ابیب: غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ میں ایک اور اسرائیلی فوجی مارا گیا جس کی شناخت 20 سالہ سارجنٹ متان وینوگرادوف کے نام سے ہوئی۔ 

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی برّی فوج نے ٹینکوں کی مدد سے غزہ کے الشفا اسپتال پر چڑھائی کردی۔ مسلسل گولہ باری کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے اہلکار اسپتال میں داخل ہوگئے۔

الشفا اسپتال میں حماس کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ حماس کے ساتھ دوبدو لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 250 ہوگئی۔

 

حماس سے لڑائی میں ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک؛ مجموعی تعداد 250 ہوگئی -  ایکسپریس اردو

ادھر اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی میں حماس کے 40 جنگجو مارے گئے۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ اسپتال سے 80 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز الشفا اسپتال پر حملوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپتال میں حماس کے جنگجو منظم ہو رہے ہیں اور اسرائیل پر کسی نئے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا تھا کہ الشفا اسپتال پر فوجی آپریشن کے دوران طبی عملے کو کام سے نہیں روکا جائے گا اور پناہ گزینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا جائے گا۔

 گزشتہ برس 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 1500 کے قریب اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے اور 250 اسرائیلی فوجیوں اور غیر ملکیوں کو یرغمال بناکر غزہ لایا گیا تھا۔

جس کے بعد سے اسرائیل کی غزہ پر مسلسل بمباری میں تاحال 31 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 73 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

Comments are closed.