جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی عبوری ضمانت خارج،گرفتار کرلیا گیا
فوٹو: فائل
راولپنڈی: سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی عبوری ضمانت خارج،گرفتار کرلیا گیا،محکمہ اینٹی کرپشن نے انھیں عدالت سے گرفتارکیا۔
اینٹی کرپشن ٹیم کی استدعا پر سنیئر سول جج کرمنلز راولپنڈی ڈویژن وقارحسین گوندل نے ملزم کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوا دیا،یکم اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
اینٹی کرپشن ٹیم چکوال اور راولپنڈی نے نائب تحصیلدار نجف حمید کو انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا۔
نجف حمید نے فاضل عدالت کے جج علی نواز بکھر سے ضمانت قبل ز گرفتاری حاصل کر رکھی تھی جس میں عدم پیروی پر ضمانت خارج کی گئی.
ملزم کے 4ساتھیوں کی ضمانت میں 27مارچ تک توسیع کردی گئی،بعد ازاں ملزم کو سینئر سول جج کرمنلز وقار حسین گوندل کی عدالت پیش کیا گیا جہاں اینٹی کرپشن ٹیم نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی،جسے فاضل عدالت نے منظور کرلیا۔
دوسری جانب ملزم کے وکلاء نے سپیشل جج اینٹی کرپشن کی عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کی،جس پر فاضل عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو نوٹس جاری کرکے 20مارچ کو مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔
نجف حمید کے خلاف گزشتہ سال اینٹی کرپشن سرکل آفیسر ہیڈ کوارٹر عالم شیر خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،جسمیں سابق صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار،انکے ماموں،کزن،فرنٹ مین اور محکمہ رینویو کے افسران ملزم نامزد ہیں۔
Comments are closed.