ملکی تاریخ کا سب سے طویل مدت کا پروگرام لینے کے خواہاں ہیں،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
فائل:فوٹو
اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے بڑا اور ملکی تاریخ کا سب سے طویل مدت کا پروگرام لینے کا خواہاں ہے معاشی استحکام آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کا مشترکہ ہدف ہے، قرض پروگرام کے ساتھ ماحولیات کی فنڈنگ پر بھی بات ہوسکتی ہے
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے کوٹہ کے حساب سے بڑا پروگرام لینے کی کوشش کرے گا، ملکی تاریخ کا سب سے طویل مدت کا پروگرام لینے کے خواہاں ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں تسلسل سے ہی معاشی نظم و ضبط رہے گا، معیشت کی بہتری آئی ایم ایف سے زیادہ ہماری حکومت کا ہدف ہے، معیشت کی بہتری کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کا ویژن واضح ہے، وزیراعظم نے معاشی نظم و ضبط قائم رکھنے کی سخت ہدایت کی ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے موجودہ قرض پروگرام کی آخری قسط میں کوئی رکاوٹ نہیں، آئی ایم ایف نے موجودہ پروگرام کی آخری قسط میں 1.1 ارب ڈالردینے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے نئے قرض پروگرام کا ابتدائی خاکہ تیار کر رہے ہیں، معاشی استحکام آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کا مشترکہ ہدف ہے، قرض پروگرام کے ساتھ ماحولیات کی فنڈنگ پر بھی بات ہوسکتی ہے۔ ماحولیات کی بہتری کے لئے آئی ایم ایف کچھ ممالک کو کوٹے سے زیادہ قرض دیتا رہا ہے ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے نگران حکومت نے اچھا کام کیا، نجکاری کے معاملات فواد حسن فواد نے بڑی دلچسپی اور محنت سے چلائے۔ ٹیکس آمدن کو ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرنا چاہتے ہیں، ٹیکس نظام میں شفافیت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، قومی آمدنی میں ٹیکسوں کا حصہ 10 فیصد تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.