ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کرنے کی منظوری
فوٹو: فائل
اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ پہلے مرحلے میں ایرانی سرحد سے گوادرتک گیس پائپ لائن بچھائی جائیگی۔
کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیرتوانائی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔۔ کمیٹی نے گزشتہ سال ستمبرمیں وزیر اعظم کی جانب سے قائم کی گئی آئی پی پروجیکٹ کے لیے وزارتی نگرانی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی۔
کمیٹی نے پہلے مرحلے میں پاکستانی حدود میں پاکستانی سرحد سے گوادر تک پائپ لائن کے 80 کلومیٹر حصے پر کام شروع کرنے کی سفارش کی تھی جو منظور کر لی گئی۔
اس پروجیکٹ کو انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا اور اسے گیس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس کے ذریعے فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق تمام متعلقہ ڈویژنز نے پاکستان کے عوام کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت منظوری دی، اس سے ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف پاکستان کی توانائی سیکیورٹی کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی صنعتوں کا اعتماد بڑھے گا جسے گیس کی بہتر فراہمی کے ساتھ یقینی بنایا جائے گا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ منصوبے سے بلوچستان کے صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا جو پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔
Comments are closed.