وزیراعظم نے کراچی میں جزیرے بنڈل آئی لینڈ کا معاملہ پھر اٹھا دیا

51 / 100

کراچی( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی کے جزیرے بنڈل آئی لینڈ پر غورکرنے کا کہا ہے اور ساتھ یہ بھی کہاہے کہ کراچی میں ترقی کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

عمران خان نے کراچی میں سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنا بڑا موقع ہے، یہ منصوبہ صرف کراچی کے لیے نہیں ہے بلکہ اس سے سارے ملک کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ترقی یافتہ ملک دیکھیں تو وہاں کوئی ایک شہر ملک کو لے کر چلتا ہے، کراچی کی اہمیت کا اندازہ پوری طرح سے نہیں لگایا گیا، کراچی شہر سارے پاکستان کے لیے سرمایہ کاری لاسکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں 70کی دہائی میں کراچی کیا تھا،80 میں ترقی کرنے لگا تو شورش شروع ہوگئی لیکن اس شہر کی صلاحیت ختم نہیں ہوئی اب بھی اسے بہت بہتر بنایا جاسکتاہے۔

عمران خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا نظام کسی بھی شہر کی بنیادی چیز ہوتی ہے، سرکلر ریلوے منصوبہ سارے شہر سے گزرے گا، ٹریفک کادباؤ کم کرے گا۔

انھوں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے پر واپڈا کے چیئرمین سے بات کی ہے، دو سال میں کراچی کے لیے کے فور سے پانی پہنچاسکیں گے، کے فور منصوبہ کراچی کے لیے بڑی نعمت ہے۔

وزیراعظم نے جزیرے بنڈل آئی لینڈ کاذکر کرتے ہوئے کہا اس منصوبے سے سب کو فائدہ ہو گا، شہر پر دباؤ کم ہوگا، ابھی سے منصوبہ بنائیں کہ کن علاقوں پر کام کرنا ہوگا، بنڈل آئی لینڈ سے پاکستان کا فائدہ بیرون ملک سے سرمائے کا آنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اس منصوبے میں دلچسپی رکھتے ہیں، بنڈل آئی لینڈ سے فائدہ سندھ کو ہے، اس پر وزیراعلیٰ سے مزید بات کریں گے، بنڈل آئی لینڈ کے منصوبے پر سندھ اور وفاق دونوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہاکہ بڑے منصوبے مشکل ہوتے ہیں، سیاسی عزم کا اظہار نہیں ہوتا، بڑھتی آبادی کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، وفاق اس منصوبے پر پرعزم ہے، امید ہے حکومت سندھ اس پر تعاون کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی پھیلتا جارہا ہے جس کے باعث مسائل بڑھ جاتے ہیں ، لاہور بھی پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے شہروں پر دباو بڑھ جاتاہے اور وسائل کم ہوجاتے ہیں ، کراچی کے مسائل بروقت حل نہ کیے گئے تو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا .

کراچی کی ترقی کے لیے بنیادی انفرااسٹرکچر کی ضرورت ہے ، ٹرانسپورٹ کی سہولت بنیادی انفرا اسٹرکچر کا اہم جزو ہے ، کراچی سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں کے لیے منصوبہ بندی کرناہوگی .

 کراچی کے مسائل کے حل کےلیے وفاقی حکومت پرعزم ہے ،امید ہے سندھ حکومت بھی کراچی کے لیے بھرپور کام کر ے گی کیوں کہ ہمیں سندھ کی ترقی کے لیے آگے بڑھنا اور ساتھ چلنا ہوگا۔

واضح رہے کراچی سرکلرکا ٹریک 29 کلو میٹر طویل ہوگا ، 16اسٹیشن ہوں گے،منصوبے پر207 ارب روپے لاگت آئے گی ،تقریب میں گورنر عمران اسماعیل ،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔

Comments are closed.