یوم الوطنی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پنجاب گلیڈی ایٹرز نے جیت لیا
ریاض (شاہ جہاں شیرازی )سعودی عرب میں القصیم کرکٹ لیگ کے زیر اہتمام یوم الوطنی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل پنجاب گلیڈی ایٹرز نےسیالکوٹ اسٹالین کو سنسنی خیز مقابلے میں ہرا کرجیت لیا.
فائنل میچ میں سیالکوٹ اسٹالین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز سکور کیا جس میں ٹیم کے کپتان مدثر 42 بالوں پر 72 رنز سکور جبکہ زبیر 49 بالوں پر 57 رنز بنا کر نمایاں رہے.
ہدف کے تعاقب میں پنجاب گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بھی جارہانہ کھیل پیش کیا گیا اور بیسویں اوور کی آخری بال پر چار وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بناکر فائنل میچ اپنے نام کر لیا.
پنجاب گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد شہزاد نے 36 بالوں پر 54 رنز جبکہ سعید عالم نے 17 بالوں پر 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، میچ کے بعد مہمان خصوصی ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر انعامات تقسیم کئے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت معنی نہیں رکھتی اصل چیز لگن ہوا کرتی ہے اور دیار غیر میں پاکستانی کرکٹ کو فروغ دے رہے ہیں اور سال ہا سال سے کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں.
انھوں نے کہا کہ اسی وجہ سے سعودی عرب کے تمام ریجنز میں کرکٹ کھیلی جاتی ہے جسے اب سرکاری سرپرستی بھی حاصل ہے اور سعودی نیشنل کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے میچز کھیل رہی ہے.
حنیف بابر نے کہا کورونا وائرس کی وجہ سے کھیل کے میدان ویران ہوچکے تھے مگر اب میدان آہستہ آہستہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے بحال ہو رہے ہیں اور کھلاڑی اپنی صلاحیت منوا رہے ہیں.
پنجاب گلیڈی ایٹرز کے عبدالمجید مین آف دا میچ قرار پائے سیالکوٹ اسٹالین کے اویس علی ٹورنامنٹ کے بیسٹ باولر اور سیالکوٹ اسٹالین الیون کے ہی یاسر ستار ٹورنامنٹ کے بیسٹ بیٹسمین قرار پائے.
مدثر ملک ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار دئیے گئے القصیم کرکٹ لیگ کے چیرمین ذوالفقار رومی، صدر ناصر راشد اور دیگر عہدیداروں نے مہمان حنیف بابر کے ہمراہ فائنل میچ کی ٹرافی پنجاب گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو دی اور دیگر کھلاڑیوں میں بھی انعامات تقسیم کیے.
Comments are closed.