کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پی ایس ایل چھ میں لگا تار چوتھی شکست


کراچی( سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل چھ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ جیتنے کیلئے 157رنز کا ہدف ملا تھا ، اوپنر پال اسٹیرلنگ اور ایلکس ہیلز نے 50رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پال اسٹیرلنگ 56، ہیلز23 جبکہ روحیل نذیر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یونائیڈکے آوٹ ہونے والے چوتھے بیٹسمین کپتان شاداب خان تھے جو حسنین کی وکٹ بننے سے قبل 21رنز بنا چکے تھے ،کوئٹہ کی جانب سے زاہد محمود نے 2جبکہ ڈیل اسٹین ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بیٹنگ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز شروع ہی سے دباؤ کا شکار نظر آئے۔

کوئٹہ کی جانب سے اوپنر صائم ایوب5، کیمرون ڈیلپورٹ1، فاف ڈوپلیسی17، اعظم خان4 اور بین کٹنگ 23 رنز بناسکے۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سرفراز احمد مزاحمت کی اور54 رنز بناکر فہیم اشرف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف3، حسن علی2 جبکہ شاداب خان ایک وکٹ حاصل کرسکے۔گلیڈی ایٹرز کی ایونٹ میں یہ لگاتار چوتھی شکست ہے، فہیم اشرف کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔

Comments are closed.